بٹہ مالو ہلاکت: حریت(ع)اور لبریشن فرنٹ کا اہل خانہ سے تعزیت پرسی

 سرینگر//حریت (ع)اورلبریشن فرنٹ نے بٹہ مالو میں جاں بحق ہوئے نوجوان کے اہل خانہ سے تعزیت پرسی کرتے ہوئے کہا کہ فورسز کے ہاتھوں سجاد حسین شیخ کا قتل ریاستی دہشت گردی کا واضح ثبوت ہے۔ حریت چیئرمین کی ہدایت پر ایک وفدنے دودھ بُگ ٹنگمرگ جاکر سجاد احمد شیخ کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا ۔وفد میں جس میں غلام نبی زکی، محمد شفیع خان اور محمد صدیق ہزاروغیرہ شامل تھے ۔ اس موقعہ پر حریت چیئرمین میرواعظ عمر فاروق نے ٹیلیفون پرمرحوم کے والد اور دیگر لواحقین کے ساتھ اس سانحہ پر اپنے دلی رنج و غم کا اظہار کیا اور کہا کہ قربانیاں ہماری رواں تحریک آزادی کا قیمتی اثاثہ ہیں اور ان قربانیوں کی بدولت یہ قوم اپنے مقصد میں کامیابی سے ہمکنار ہوگی۔ لبریشن فرنٹ چیئرمین محمد یاسین ملک نے بٹہ مالو میں منعقدہ ایک تعزیتی مجلس میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فورسزہمارے معصوموں کے لہو سے ہولی کھیلتے ہیں اور بعدازاں ہمیں اپنے بچھڑے ہوئوں پر ماتم کرنے اور ان کیلئے رسم قل جیسی مذہبی تقریبات پر بھی پابندی عائد کردی جاتی ہے۔بیان کے مطابق یاسین ملک منگل کی صبح پولیس کے حصار کے بعد پیدل بٹہ مالو پہنچے جہاں انہوں نے سجاد حسین شیخ کے لواحقین کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا۔مرحوم کے لواحقین کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے یاسین ملک نے کہا کہ ان ادھ کھلے پھولوں کی قربانیاں کسی بھی صورت میں رائیگاں نہیں جانے دی جائیں گی اور ان کے مقدس لہو سے مزین تحریک آزادی کو اسکی حقیقی اور مطلوبہ منزل تک پہنچانے کی جدوجہد ہر حال میں جاری رہے گی۔بیان کے بعد یاسین ملک تعزیت کرنے کے بعد ایک وفد کے ہمراہ صدر ہسپتال پہنچے جہاں انہوں نے  پولیس حملوں میں زخمی ہونے والے زخمی طلاب کی خبر گیری کی۔