سرینگر//ریاست کی نوجوان نسل کو بہترمستقبل کا آئینہ قرار دیتے ہوئے پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو بہتر کل کی جانب گامزن کرنا پارٹی کی اولین اور سر فہرست ترجیح ہے ۔ پارٹی جنرل سیکریٹری پیر زادہ منصور حسین نے شہر سرینگر کے بٹہ مالو حلقہ انتخاب میں جلسہ عام سے تقریر کے دوران کہا کہ نوجوانوں کو ماضی میں ہر طرح کے مصائب و آلام سے د وچار ہونا پڑا اور سابقہ حکومتوں نے ان کی مشکلات کا ازالہ کرنے کے بجائے انہیں ایسے بھنور میں پھنسا دیا جس سے نکلنا ان کیلئے مشکل تھا ۔ پیر زادہ منصور کا کہنا تھا کہ پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی نے حکومت میں آنے کے بعد ہی تمام تر ایسے اقدام کئے جن سے نوجوانوں کا مستقبل بہتر بن سکے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ حزب اختلاف بے بنیاد اور من گھڑت کہانیاں بنا کر نوجوانوں کو اپنی طرف مائل کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے کیونکہ جموںوکشمیر کے عوام نے دھوکہ دہی کی سیاست کو پہلے ہی خیر باد کیا ہوا ہے ۔ پیرزادہ منصور نے کہا کہ ڈیلی ویجروں کی مستقلی کے معاملے کو پچھلی حکومتوں نے یکسر طور پر نظر انداز کر دیا تھا اور جب بھی وہ اپنے حق کی بازیابی کیلئے صدائے احتجاج بلند کرتے تو انہیں مجرموں کی مانند پابند سلاسل کیا جاتا تاہم موجودہ مخلوط حکومت نے ڈیلی ویجروں کے عزت و وقار کو بحال کرنا اپنی ترجیح سمجھا اور بغیر کسی احتجاج کے انہیں مستقل کرنے کے احکامات صادر کئے ۔ پی ڈی پی جنرل سیکریٹری نے کہا کہ ریاست میں سابقہ حکومت نے جے کے پی ایس سی اور جے کے ایس ایس آر بی کو جان بوجھ کر ناکارہ بنا کے رکھ دیا تھا تاکہ انہیں دھوکہ دہی کی سیاست کرنے اور جموںو کشمیر کے نوجوان نسل کے ساتھ استحصال برتنے کا پورا پورا موقع فراہم ہو لیکن یہ موجودہ حکومت کی ان کائوشوں کا نتیجہ ہے کہ اب جے کے ایس ایس بی اور جے کے ایس ایس آر بی میں ہنگامی بنیادوں پر نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم ہورہے ہیں ۔ پیرزادہ منصور حسین نے نوجوانوں سے تلقین کی کہ وہ نظام کے اندر رہ کر اپنے ہنر کو پہچان کر ریاست جموںوکشمیر کو مضبوط اور مستحکم بنانے میں اپنا کلیدی رول ادا کرنے سے گریز نہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ حزب اختلاف جماعتیں جن کی سیاست کو جموںوکشمیر کے غیور عوام پہلے ہی مسترد کر چکے ہیں اب اپنا الو سیدھا کرنے کی غرض سے نئے ہتھکنڈے اپنانے میں مشغول ہوگئی ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ جموںوکشمیر کے عوام اس بات سے بخوبی واقف ہیں کہ پی ڈ پی حکومت نے عوام کے ساتھ دھوکہ دہی کے بجائے ان کے حقوق کی باز یابی کیلئے ہر وقت جستجو کی اور ریاستی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے جموںوکشمیر کے تشخص کو برقرار رکھنے کی خاطر کلیدی رول ادا کیا ہے اور مستقبل میں بھی یہ پارٹی سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح عوام کے حقوق کے تحفظ اور اس کے تشخص کو برقرار رکھنے میں صف اول میں رہ کر اپنا کردار ادا کرے گی ۔ کنونشن سے پی ڈی پی کے سرکردہ لیڈران نے بھی خطاب کیا ۔ جن میں وزیر تعلیم اور وزیر خزانہ سید الطاف بخاری ، ممبر قانون سازاسمبلی نور محمد ، پی ڈی پی کے سرینگر ڈسٹرکٹ پریزیڈنٹ محمد خورشید عالم اور دیگر لیڈران شامل ہیں ۔
بٹہ مالو میں پی ڈی پی کنونشن کا انعقاد
