بٹہ مالومیںدوران شب ہولناک آگ | 8رہائشی مکانات خاکستر،24کنبے بے گھر ،10فائر مین زخمی

سرینگر// سرینگر کے گنجان آبادی والے علاقہ بٹہ مالومیں اتوارکو رات دیر گئے ہولناک آگ میں 8رہائشی مکانات خاکستر ہو گئے ۔ان مکاتات میں مجموعی طور پر 24 کنبے مقیم تھے۔ کئی گھنٹوں تک جاری رہنے والی آگ پرقابوپانے کی کارروائی کے دوران فائراینڈ ایمرجنسی سروسزمحکمہ کے 10 فائر مین زخمی ہوئے جبکہ کچھ فائر سروس اہلکاروںکو مقامی لوگوں کی مار پیٹ کابھی شکار ہوناپڑا۔ اتوار کورات دیر گئے شیخ حمزہ کالونی داندرکھاہ بٹہ مالومیں واقع ایک رہائشی مکان میں اچانک آگ نمودارہوئی ،جس نے جلد ہی قریبی مکانات کواپنی لپیٹ میں لے لیا۔ فائراینڈ ایمرجنسی سروسز ذرائع نے بتایا کہ آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی متعدد فائر ٹینڈر شیخ حمزہ کالونی روانہ کئے گئے۔ انہوںنے بتایا کہ آگ پر قابو پانے سے پہلے8رہائشی مکانات جل گئے۔انہوں نے بتایاکہ فائراینڈ ایمرجنسی سروسز محکمہ کے اہلکاروںنے گنجان آبادی والے علاقہ میں آگ پر قابو پانے اور اسے دوسرے نزدیکی ڈھانچوں تک پھیلنے سے روکنے کی پوری کوشش کی تاہم کئی گھنٹوں تک جاری رہنے والی آگ پرقابوپانے کی کارروائی کے دوران10 فائر مین زخمی ہوئے اور ان میں سے3 شدید زخمی ہوئے ،جن میں محمد احسن ملہ، الطاف احمد راتھر اور اکشے سہگل شامل ہیں۔فائر سروسز حکام نے کہاکہ لوگوں نے متعدد فائر مینوں کو مارا پیٹا کیونکہ لوگ ترجیحی بنیادوں پر شعلوںکی لپیٹ میں آچکے اپنے اپنے گھروں میں لگی آگ بجھا نے کی التجا ء اور مطالبہ کررہے تھے ۔حکام نے بتایا کہ آگ سے خاکسترہونے والے زیادہ تر مکانات 3 منزلہ تھے اور ان میں رہنے والے24 کنبے بے گھر ہوگئے ۔ آگ لگنے کی وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکی۔پولیس تھانہ بٹہ مالو نے آگ کی اس تباہ کن واردات کی مناسبت سے معاملہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔جے کے این ایس