ڈوڈہ//پولیس اور عوام کے درمیان تعلقات اور روابط کو مضبوط بنانے کے مقصد سے ایس ایس پی ڈوڈہ محمد شبری کی ہدایت پر ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر ڈوڈہ افتخار احمد نے بون ڈوڈہ میں ایک پولیس پبلک میٹنگ کا انعقاد کیا جس میں معزز شہریوں اور نوجوانوں کی اچھی خاصی تعداد نے شرکت کی۔اس موقع پر شرکائے میٹنگ نے مختلف مسائل اُجاگر کئے اور کچھ مطالبات پولیس انتظامیہ کی وساطت سے متعلقہ حکام کے سامنے رکھے جن میں بلا تعطل بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانا،پینے کے پانی کی قلت کو دور کرنا،کھیل کے میدان کی تعمیر،بون ڈوڈہ میں ٹریفک کے بڑھتے دبائو پر قابو پانا وغیرہ شامل ہیں۔ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر نے لوگوں کے مسائل اور مطالبات کو بغور سُنااور اُنہیں یقین دلایا کہ پولیس سے متعلق اُن کے مسائل کا ترجیحی بنیادوں پر ازالہ کیا جائے گا جب کہ اُن کے دیگر مطالبات کو متعلقہ حکام کی نوٹس میں لا کر پورا کروانے کی کوشش کی جائے گی۔اُنہوں نے شرکائے میٹنگ پر زور دیا کہ وہ پولیس کے ہاتھ مضبوط کریں اوراُن کو بھر پور تعاون فراہم کریں تاکہ معاشرے کو جرائم سے پاک کیا جاسکے۔اُنہوں نے سماج میں جرائم کی روک تھام میں سوسائٹی کے رول کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے کو جرائم سے پاک کرنے کے لئے ضروری ہے کہ پولیس اور عوام میں قریبی رابطہ ہو اور لوگ پولیس کو اپنا بھر پور تعاون فراہم کریں۔ جب تک شہری سماج دشمن عناصر کی نشاندہی میں پولیس کے ساتھ تعاون نہ کریں تب تک پولیس کچھ بھی نہیں کر سکتی۔اُنہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ سماجی جرائم کے خاتمہ،منشیات ،غیر قانونی شراب وغیرہ کی سمگلنگ پر قابو پانے کے لئے پولیس کو اپنا بھر پور تعاون فراہم کریں۔اُنہوں نے کہا کہ عوام کے تعاون سے ہی معاشرہ میں امن قائم ہو سکتا ہے اورشہریوں کو چاہیے کہ وہ امن و امان کی بحالی کے سلسلہ میںپولیس سے تعاون کریں۔اُنہوں نے علاقہ میں آپسی بھائی چارہ کو مزید مضبوط کرنے،امن و امان کی فضا قائم رکھنے اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو بنائے رکھنے کی بھی لوگوںسے اپیل کی۔مقامی لوگوں نے اس قسم کی میٹنگوں کے انعقاد پر ڈوڈہ پولیس کے کردار کی سراہنا کرتے ہوئے اس سلسلہ کو مزید وسعت دینے اور باقاعدگی کے ساتھ اس قسم کے میٹنگوں کے انعقاد کی ضرورت پر زور دیا۔