اوڑی// بونیار تحصیل میں 50 کے قریب دیہات کیلئے کوئی بھی فائر اینڈ ایمرجنسی گاڑی دستیاب نہیں ہے اوراگر علاقے میں آگ کی کوئی واردات رونما ہوتی ہے تو بارہمولہ یا اوڑی میں قائم فائر اینڈ ایمرجنسی محکمہ کو مطلع کرناپڑتا ہے۔ لوگوں نے بتایا کہ بونیار ہیڈ کوارٹر سے بارہمولہ 20 کلو میٹر کا فاصلہ ہے اور اوڑی 25 کلو میٹر ہے۔جب اس علاقے میں آگ کی کوئی واردات رونماہوتی ہے تو فائر سروس عملہ کو یہاں تک پہنچنے میں وقت لگتا ہے۔لوگوں نے بتایا کہ اوڑی میں بھی ایک ہی فائر انجن دستیاب ہے جو اس وقت اوڑی اور بونیار تحصیل کے قریب ایک سو دیہات کیلئے ناکافی ہے۔مشتاق احمد نامی ایک شہری نے بتایا کہ آج بھی بونیار ہیڈ کوارٹر کے نزدیک ایک رہائشی مکان آگ کی واردات میں خاکستر ہوگیا جبکہ اس سے قبل 31 دسمبر 2020 کو برنیٹ بونیار میں دو رہاشی مکانات خاکستر اور 6 کنبے بے گھر ہو گئے۔ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ ممبر( ڈی ڈی سی) بونیار محمد اسماعیل خان نے بتایا کہ انہوں نے کئی بار ضلع اور صوبائی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ بونیار ہیڈ کوارٹر پر فائر اینڈ ایمر جنسی سٹیشن قائم کیا جائے ۔انہوں نے حکومت سے بونیار میں فائر اینڈ ایمر جنسی سٹیشن قائم کرنے کی اپیل کی ۔بلاک ڈیولپمنٹ کونسل چیئر مین (بی ڈی سی) بونیار بلال عاشق میر نے بتایا کہ انہوں نے کئی بار بیک ٹو ولیج میں بھی بونیار میں فائر اینڈ ایمر جنسی سٹیشن قائم کرنے کی مانگ کی ہے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال لیفٹیننٹ گورنر کو بارہمولہ دورے کے دوران اس حوالے سے ایک یادداشت پیش کی گئی اورحکام کی طرف سے یقین بھی دلایا گیا لیکن زمینی سطح پر ابھی کچھ نہیں ہوا۔عبدالخالق وانی اسسٹنٹ ڈائریکٹر فائر اینڈ ایمر جنسی بارہمولہ نے بتایا کہ انہوںنے حکومت سے بونیار اور شیری میں فائرسٹیشن قائم کرنے کے علاوہ اوڑی میں مزید ایک گاڑی فراہم کرنے کی تجویز دی ہے تاہم ابھی تک منظوری نہیں ملی ہے۔انہوں نے بتایا’’ امید ہے کہ بہت جلد حکام کی طرف سے منظوری ملے گی‘‘۔
بونیار اوڑی کے 50 دیہات کیلئے کوئی فائر اسٹیشن نہیں
