بونیار آتشزدگی میں 16دکانیں اورمکان خاکستر | علاقہ میں فائر اینڈ ایمرجنسی سٹیشن قائم کرنے کا مطالبہ

ظفراقبال

اوڑی//شمالی ضلع بارہ مولہ کے بونیار اوڑی علاقے میں آتشزدگی کی ایک بھیانک واردات میں 16دکانیں اور ایک رہائشی مکان کو نقصان پہنچا ہے۔فائر اینڈ ایمرجنسی اور فوج کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں آگ کو مزید پھیلنے سے روک دیا گیا۔اطلاعات کے مطابق بونیار اوڑی کے مین بازار میں درمیانی شب آگ نمودار ہوئی جس نے آناً فاناً پورے مارکیٹ کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔معلوم ہوا ہے کہ فائر اینڈ ایمرجنسی اور فوج کی جانب سے بروقت کارروائی کے نتیجے میں آگ پر قابو پایا گیاتاہم آتشزدگی کی اس واردات میں 16دکانیں اور ایک مکان کو نقصان پہنچا ہے۔ مقامی ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ خاکستر ہوئی دکانوں کے چھ مالکان تھے جن میں فاروق احمد تانترے،نظیر احمد تانترے، حبیب اللہ لون، منیرہ بیگم، غلام محمد بٹ اور محمد اسلم جسوال شامل ہیں، مگر یہ دکانیں انہوں نے کرایہ پر دی تھیں جن میں ندیم احمد ملک، ایاض احمد تانترے اور غلام محمد بٹ کی ریڈی میٹ گارمنٹ ،فاروق احمد میر اور عرفان احمد قریشی کی کپڑے، خورشید احمد اور فاروق احمد شیخ کی درزی، شوکت احمد نجار کی فوٹو گرافی، شبیر احمد بٹ، ذاکر احمد میر، حبیب اللہ لون اور نعیم احمد میر کی کریانہ اور محمد وسیم میر کی موبائل فون کے علاوہ دیگر کچھ دکانیں شامل تھیں۔فائر اینڈ ایمرجنسی محکمہ کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ بونیا اوڑی مارکیٹ میں درمیانی شب آگ نمودار ہونے کی اطلاع ملتے ہی فائر اینڈ ایمرجنسی کے عہدیدار جائے موقع پر پہنچے۔انہوں نے بتایا کہ آگ کی اس واردات میں 16دکانیں اور ایک مکان کو نقصان پہنچا ہے۔ان کے مطابق ابتدائی تحقیقات کے دوران منکشف ہوا ہے کہ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے آگ لگی ہے۔مقامی ذرائع نے بتایا کہ خاکستر ہوئے دکانوں میں ریڈی میڈ گارمنٹس، الیکٹرانکس، کپڑے ، فوٹو گرافر ، کریانہ کے علاوہ دیگردکانیں شامل تھیں۔معلوم ہوا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کے سینئر آفیسران اتوار کے روز جائے وقوع پر پہنچے اور متاثرین کو یقین دلایا کہ ان کی ہر طرح سے مدد فراہم کی جائے گی۔دریں اثنا پولیس نے اس سلسلے میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہے۔مقامی لوگوں نے این ایچ پی سی کیخلاف نارضگی کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ آگر چہ کچھ ہی فاصلہ کی دوری پر ان کا کیمپ ہونے کے باوجود ان کی ایک فائر اینڈ ایمر جنسی گاڑی یہاں پہنچی جس میں پانی نہیں تھا۔ڈی ڈی سی ممبربونیار محمد اسماعیل خان اور بی ڈی سی ممبربونیار بلال عاشق میر جو موقعہ پر تھے ،نے بتایا کہ بونیار میں آکثر آگ کی وارداتیں رونما ہوتی ہیں اور اسے قبل یہاں کئی مکان اور دکانیں خاکستر ہوئی ، مگر بد قسمتی سے بار بار یقین دہانی کے باوجود بھی سرکار بونیار کے لئے فائر اینڈ ایمر جنسی گاڑی فراہم نہیں کرپائی۔