بونہ زول ہاری پورہ رابطہ سڑک کی حالت خستہ

گاندربل//سرینگر لہہ شاہراہ پر ہاری پورہ کے مقام پر بونہ زول ہاری پورہ سے آئے ہوئے درجنوں افراد نے سوموار کے روزسڑک کی ناگفتہ بہہ حالت ہونے کے باعث دھرنا دیتے ہوئے احتجاج کیا۔سرینگر لہہ شاہراہ سے بونہ زول کے لئے تین کلومیٹر لمبی رابطہ سڑک جاتی ہے جس کی حالت ناگفتہ بہہ ہونے کے خلاف مقامی آبادی نے ناراضگی اور غصہ کا اظہار کرتے ہوئے گھنٹوں شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حرکت بند کرتے ہوئے دھرنا دیا۔دھرنے میں شامل افراد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ تین کلومیٹر لمبی بونہ زول رابطہ سڑک جگہ جگہ خستہ حال ہوگئی ہے، اس سڑک پر سفر کرنا وبال جان بن گیا ہے کیونکہ کئی سال قبل سڑک پر میکڈم بچھایا گیا تھا جو اب جگہ جگہ اُکھڑگیاہے اور اس سڑک پر چلنا اب مشکل ہوچکاہے۔لوگوں نے بتایاکہ چند روز قبل ہائی بلڈ پریشر مریض کو ہسپتال پہنچانے میں آدھ گھنٹے سے زیادہ کاوقت لگا جبکہ صرف دس منٹ کی مسافت تھی۔اس موقع پر پولیس نے موقع پر پہنچ کردھرنے پر بیٹھے ہوئے افراد کو یقین دلایا کہ ان کی شکایت کو اعلیٰ حکام کی نوٹس میں لایاجائیگا، جس کے بعد لوگوں نے دھرنا ختم کیا۔