بولنی ٹاپ میں محکمہ پی ایم جی ایس وائی کیخلاف احتجاج

گول //گول کے بولنی ٹاپ کے لوگوں نے آج سرکار اور محکمہ پی ایم جی ایس وائی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے کہا کہ کئی سال قبل اس سڑک کو صرف کھودا گیا اور لوگوں نے زرعی اراضی کو بھی کافی نقصان پہنچا لیکن ابھی تک اس روڈ کو قابل آمد و رفت نہیں بنایا گیا ۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ اس سڑک میں آئی اراضی کا معاوضہ بھی ابھی تک زمینداروں کو نہیں دیا گیا جبکہ جب کوئی منسٹر یا کوئی ضلع آفیسر گول میں آتا ہے تو درباروں کے دوران بڑے بڑے اعلانات کرتے ہیں اور کروڑوں کے معاوضہ کا اعلان بھی کرتے ہیں لیکن زمینی سطح پر ایسا کچھ دکھائی نہیں دے رہا ہے جو صرف جھوٹ کا پلندا ہے ۔ لوگوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گول کے دورہ کے دوران خود وزیر محکمہ تعمیرات عامہ نعیم اختر نے پندرہ دن کے اندر اندر سڑکوں پر تعمیری کام شروع کرنے کا حکم دیا تھا اور جلسہ میں ڈی سی رام بن ، ایکسن پی ایم جی ایس وائی بھی موجود تھے لیکن افسوس کا مقام ہے کہ چار ماہ گزرنے کو آئے ہیں لیکن ابھی تک کوئی نتیجہ برآمد نہیں ہو رہاہے جس وجہ سے یہاں کی عوام احتجاج کرنے پر مجبور ہو گئی ۔ لوگوں نے کہا کہ اراضی کھود کر رکھی ہے عوام کو کوئی معاوضہ نہیں دیا جس وجہ سے لوگ بھی پریشان ہیں ۔ لوگوں نے کہا کہ اگر جلد از جلد سڑک کو بہتر نہ بنایا گیا اور لوگوں کو معاوضہ نہ دیا گیا تو یہاں کی عوام سڑکوں پر اُتر کر احتجاج کرنے پر مجبور ہو جائے گی فی الحال یہ انتظامیہ اور سرکار کو ایک الارم ہے ۔