ٹنگمرگ /مشتاق الحسن /انسداد رشوت ستانی بیورو اے سی بی نے ایک نائب تحصیلدار کو رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا ۔ اینٹی کرپشن بیورو کے مطابق ژوکر کنزر کے حدود میں ایک شخص کے رہائشی مکان کے نزدیک بہت پرانا سوکھا ہوا اخروٹ کا درخت ہے، جو کبھی بھی وہاں کسی حادثے کا موجب بن سکتا تھا۔بو سیدہ اخروٹ کے درخت کو کاٹنے کیلئے مزکورہ شخص نے تحصیلدار کنزر کو عرضی دی اور تحصیلدار کو زبانی بتایا کہ بوسیدہ درخت کی موجودگی سے اس کے اہل عیال کی زندگی کے ساتھ دیگر املاک کو زبردست خطرہ لاحق ہے، لہٰذااخروٹ کے درخت کو کاٹنے کی اجازات دی جائے۔ تحصیلدار کنزر نے مزکورہ شخص کی عرضی ، نائب تحصیلدار ژوکر کو رپورٹ پیش کرنیکی ہدایت کیساتھ بھیج دی۔ نائب تحصیلدار ژوکر نے متعلقہ جگہ کا دورہ کرکے مذکورہ شخص سے اخروٹ کادرخت کاٹنے کیلئے 30ہزار کی رشوت کا تقاضا کیا تاہم بعد میں معاملہ20ہزار میں طے ہوا ۔جس میں سے دس ہزار روپیہ نائب تحصیلدار کے بینک اکونٹ میں جمع کئے گئے جبکہ مزید 5ہزار روپیہ رشوت لیتے ہوئے اینٹی کرپشن بیورو نے نائب تحصلیدار ژوکر کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا ۔ ACBنے نائب تحصیلدار کے گھر پر بھی چھاپہ مارا اور کچھ دستاویزات ضبط کئے ۔ اے سی بی نے نائب تحصیلدار کے خلاف ایف ائی آر زیر نمبر/2022 7درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی ہے۔