بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی

اشرف چراغ
کپوارہ// کرالہ پورہ کپوارہ میں بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی کے خلاف لوگو ں نے احتجاج کیا۔پیر کی صبح دردسن کرالہ پورہ کے مرد وزن گھروں سے باہر آئے اور کرالہ پورہ گزریال سڑک پر احتجاجی دھرنا دیا۔احتجاج میں شامل لوگو ں نے سڑک پر ٹائر جلا کر سڑک کو گاڑیو ں کی نقل و حمل کے لئے بند کر دیا ۔احتجاجی لوگو ں نے کہا کہ دردسن پائین میں گزشتہ کئی روز سے پینے کا صاف پانی میسر نہیں ہے ۔انہو ں نے کہا کہ ایک محلہ کو جو واٹر سپلائی ہوتا ہے اس سے لوگو ں کو پینے کا ایک قطرہ تک نصیب نہیں ہوتا ہے جبکہ متعلقہ حکام نے انہیں یقین دلایا تھا کہ انہیں ٹینکرکے ذریعے پینے کا پانی فراہم کیا جائے گا ۔لوگو ں کا کہنا تھا کہ اس کے باجود بھی ماہ رمضان میں لوگو ں کو پینے کا پانی فراہم نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے وہ سڑکو ں پر آنے کے لئے مجبور ہوگئے ۔انہوں نے مزید کہا کہ بجلی کی صورتحال بھی کافی ابتر ہے ۔انہو ں نے الزام لگایا کہ اس علاقہ کو ایک رات کو چھو ڑ کر دوسری رات بجلی سپلائی فراہم کی جاتی ہے لیکن اس میں بھی آنکھ مچولی جاری رہتی ہے ۔لوگو ں کا یہ بھی کہنا ہے کہ گوگلوسہ فیڈر اوور لوڈ ہونے کی وجہ سے اس فیڈر کو دو حصوں میں تقسیم کیا گیا اور ایک رات گوگلوسہ اور دوسری رات دردسن گزریال علاقہ کو بجلی فراہم کی جاتی ہے اور یہ سلسلہ گزشتہ چار سال سے جاری ہے ۔لوگو ں نے الزام لگایا کہ جس رات کو دردسن گزریال علاقہ کو بجلی سپلائی فراہم کی جاتی ہے اس روز بجلی کی ایچ ٹی لائن بار بار دردسن کے مقام پر کٹ کر گر جاتی ہے کیونکہ برسوں پرانی بوسیدہ ترسیلی لائن کی قوت برداشت اب ختم ہوگئی ہے اور یہ ترسیلی لائن بار بار گر نے سے بجلی سپلائی میں خلل پڑ جاتا ہے ۔احتجاج کی وجہ سے کرالہ پورہ گزریال سڑک کئی گھنٹوں تک گاڑیو ں کی آمد ورفت کے لئے متا ثر رہی ۔اس موقع پر پولیس اور مقامی انتظامیہ وہا ں پہنچ گئی اور احتجاجی مظاہرین کو یقین دلایا کہ وہ ان کے مطالبات اعلیٰ حکام کی نو ٹس میں لائیں گے جس کے بعد لوگو ں نے اپنا احتجاج ختم کر دیا ۔