بنیادی سہولیات کی دستیابی کیلئے ووٹ کا استعمال کیا :عوام

راجوری //ضلع راجوری کے منجا کوٹ کی عوام نے کہا ہے کہ انہوں نے بنیادی سہولیات کی فراہمی کی امید میں ووٹ کا استعمال کیا ہے۔منجا کوٹ کے ترکنڈی ،پنجگرائیںاور ٹھنڈا پانی کے مقامی لوگوں نے کہاکہ سرحدی فائرنگ کے ساتھ ساتھ ان علا قوں میں پینے کے صاف پانی کی شدید قلت و دیگر بنیادی سہولیات کے فقدان کی وجہ سے مقامی لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔مذکورہ گائوں سے 6کلو میٹر کی دوری پر قائم پولنگ اسٹیشن میں ووٹ ڈالنے کیلئے جارہے حاجی عبدال رزاق نے بتایا کہ سرحدی علاقوں میں عوام کو درپیش مسائل کی جانب کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ ان علا قوں میں فائرنگ کی وجہ سے مقامی لوگوں کو تو ہمیشہ مشکل کا سامنا کرنا پڑتا ہے لیکن دوسری جانب انتظامیہ کی طرف سے مقامی لوگوں کو بنیادی سہولیات بھی فراہم نہیں کی گئی ہیں۔انہوں نے کہاکہ محکمہ پی ایچ ای کی غفلت شعاری کی وجہ سے مقامی لوگوں کو کئی کلومیٹر کی پیدل مسافت طے کر نے پینے کا صاف پانی لانا پڑتا ہے ۔انہوں نے کہاکہ مذکورہ پارلیمانی انتخابات میں وہ اس امید سے ووٹ ڈال رہے ہیں کہ سرحدی علا قوں میں عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کی جائینگی ۔