بنیادی سہولیات بہم کی جائیں،ساگرکی انتظامیہ سے اپیل

سرینگر//نیشنل کانفرنس جنرل سکریٹری علی محمد ساگر نے صوبائی انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ عید میلادکی تقریب سعید کے پیش نظر درگاہ حضرت بل میں زائرین کی سہولیات کے لئے خصوصی انتظامات، جن میں بجلی، پینے کا پانی، صحت وصفائی اور ٹرانسپورٹ جیسی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے ۔ زائرین کو لانے اور لیجانے کیلئے صبح وشام معقول بس سروس کا انتظام بھی کیا جانا چاہئے۔ انہوں نے ان متبرک ایام کے پیش نظر لوگوں کیلئے ضروریات زندگی خاص کر راشن گھاٹوں پر معیاری چاول، آٹا اور رسوئی گیس کے ساتھ مٹی کے تیل کا سٹاک وافر مقدار میں دستیاب رکھیں۔ساگر نے کہا کہ ایسے ہی انتظامات آثار شریف شہری کلاش پورہ ، جناب صاحب صورہ ، لال بازار ، پنجورہ شوپیاں، اہم شریف بانڈی پورہ ، کعبہ مرگ، کھرم سرہامہ، اہم شریف بانڈی پورہ ، آستانہ امام العالم اندرواری ، مکہامہ ، بارہمولہ اور دیگر زیارت گاہوں پر بھی کئے جائیں۔دریں اثناء شمالی کشمیر اور جنوبی کشمیر کے اراکین پارلیمان ایڈوکیٹ محمد اکبر لون اور حسنین مسعودی نے بھی متعلقہ ضلع ترقیاتی کمشنروں پر زور دیا کہ وہ ایام متبرکہ کے دوران تمام درگاہوں، مساجد اور زیارتگاہوں پر انتظامات رکھیں۔