بنگلہ دیش کا اسرائیل سے عوام کی جاسوسی کیلئے آلات خریدنے کا انکشاف

ڈھاکہ//بنگلہ دیش کی جانب سے اسرائیل کے تیار کردہ ایسے جاسوسی آلات خریدنے کا انکشاف ہوا ہے کہ جس کی مدد سے وہ بیک وقت سینکڑوں افراد کے موبائل فون کی نگرانی کرسکتا ہے۔ دستیاب دستاویزات اور بیانات سے معلوم ہوا ہے کہ بنگلہ دیش کی فوج نے بنکاک میں مقیم ایجنٹ کو استعمال کرتے ہوئے اسرائیل سے سامان خریدا اور بنگلہ دیش کے فوجی انٹیلی جنس افسران کو اسرائیل کے انٹیلی جنس ماہرین نے ہنگری میں تربیت دی۔خیال رہے کہ بنگلہ دیش، اسرائیل کو تسلیم نہیں کرتا اور ان کے مابین کوئی سفارتی تعلقات نہیں ہیں۔ خفیہ ذرائع نے بتایا کہ ٹھیکیدار نے کسی بھی طرح سے یہ نہیں کہا کہ بنگلہ دیش کے لوگوں کو یہ معلوم ہونا چاہیے کہ یہ مصنوعات اسرائیل سے آئی ہیں کیونکہ بنگلہ دیش کے اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات نہیں ہیں اور اس کے ساتھ تجارت ممنوع ہے۔بنگلہ دیش دنیا کی چوتھی بڑی مسلم آبادی کا حامل ملک ہے اور وہ اپنے شہریوں کو فلسطینی اراضی پر فوجی قبضے کا حوالہ دیتے ہوئے اسرائیل کے سفر کرنے کی اجازت نہیں دیتا۔