بنگلورو اور سرینگر کے درمیان راست ہوائی رابطہ

سرینگر // انڈیگو ائر لائنز حکام نے 15فروری سے سرینگر سے بنگلورو کیلئے روزانہ پروازیں چلانے کا فیصلہ کیا ہے اور یہ پروازیں دن کے دوران چلیں گئیں۔ حکام کے مطابق اس سے قبل سرینگر سے بنگلورو کیلئے براہ راست پروازیں نہیں تھیں بلکہ بنگلور سے سرینگر یا پھر سرینگر سے بنگلور جانے والوں کو پہلے دہلی اور پھر دہلی سے سرینگر جاناپڑتا تھا ۔انڈگو ائر لائنز کے اسٹنٹ منیجر نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ یہ فیصلہ حال ہی میں لیا گیا تاکہ وہاں سے آنے والے سیاح ایک ہی پرواز کے ذریعے سرینگر سے بنگلوروں اور بنگلوروں سے سرینگر تک پہنچ سکیں ۔انہوں نے کہا کہ اس سے قبل سرینگر سے بنگلوروں کیلئے براہ راست کوئی بھی پرواز نہیں تھی ۔ بنگلورو کے لئے پروازیں چلانے کے فیصلے کا خیر مقد م کرتے ہوئے گورنر کے مشیر خورشید احمد گنائی ، جن کے پاس محکمہ سیاحت کا قلمدان بھی ہے ،نے کہاکہ اس کی بدولت ریاست میں جنوبی بھارت کے سیاحوں کی آمد میں کافی اضافہ ہوگا۔اْنہوںنے کہا کہ سیاحت کے فروغ کیلئے ہوا بازی صنعت کا اہم رول ہے اور سرکار نجی ائیر لائینوں کو سری نگر اور جموں سے چننی ، حید ر آباد اور کولکتہ کے درمیان براہِ راستہ پروازیں چلانے میں بھرپور تعاون دے گی۔صلاح کار نے کہاکہ گورنر اِنتظامیہ ریاست کو ملک کی معروف سیاحتی جگہ کے طور فروغ دینے کے لئے تمام اقدامات کر رہی ہیں اور محکمہ سیاحت ملک کے مختلف حصوں میں روڑ شوز منعقد کر رہا ہے تاکہ سیاحوں خاص کر ملک کے جنوبی علاقوں کے سیاحوں کو راغب کیا جاسکے۔