عظمیٰ نیوز ڈیسک
ڈھاکہ//بنگلا دیش کے مرکزی بینک کے گورنر عبد الرؤف نے گزشتہ روز استعفیٰ دے دیا۔بلوم برگ کی رپورٹس کے مطابق بنگلا دیش کی سابقہ وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد کی حکومت گرنے کے بعد مرکزی بینک انتہائی عدم استحکام کا شکار ہوگیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ عبد الرؤف نے استعفیٰ ذاتی وجوہات کی بنیاد پر دیا ہے۔واضح رہے کہ اس سے قبل مرکزی بینک کے 4 ڈپٹی گورنرز اور مالیاتی انٹیلی جنس یونٹ کے سربراہ سے جبری استعفیٰ لے لیا گیا تھا۔خیال رہے کہ بنگلادیش میں اب طلبا تحریک کے مظاہرین سپریم کورٹ کے چیف جسٹس سمیت تمام ججوں کے استعفے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔طلبا تحریک کی جانب سے یہ مطالبہ اس وقت کیا گیا جب سپریم کورٹ کے چیف جسٹس عبید الحسن نے نئی بننے والی عبوری حکومت سے مشاورت کے بغیر فل کورٹ کا اجلاس بلایا تھا۔تاہم طلبا مظاہرین کی جانب سے ہائی کورٹ کے محاصرے بعد کشیدگی بڑھنے پر فل کورٹ میٹنگ کو اچانک ملتوی کردیا گیا اور طلبا کے مطالبہ پر سپریم کورٹ کے چیف جسٹس عبید الحسن نے عہدے سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کرلیا ہے۔عبید الحسن مستعفی ہونے کا باضابطہ اعلان آج شام صدر شہاب الدین سے مشاورت کے بعد کریں گے۔ادھربنگلادیشی طلبا کے احتجاج کے بعد سپریم کورٹ کے چیف جسٹس عبید الحسن نے عہدے سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کرلیا ہے۔بنگلا دیشی میڈیا کے مطابق چیف جسٹس کا کہنا ہے کہ وہ آج شام صدر شہاب الدین سے مشاورت کے بعد باضابطہ قدم اٹھایں گے۔