بنکروں کی تعمیر کے جائزہ کےلئے راجوری انتظامیہ کا اجلاس

راجوری //ضلع انتظامیہ راجوری نے سرحدی علا قوں میں بنکروں کی تعمیر کے جائزہ کےلئے میٹنگ کا اہتمام کیا ۔ضلع ترقیاتی کمشنر محمود اعجاز اسد کی قیادت میں منعقدہ اجلاس کے دوران ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نوشہرہ ،چیف پلاننگ آفیسر ،اسسٹنٹ کمشنر محکمہ مال ،مختلف محکموں کے ایگز یکٹو انجینئر ز و دیگر آفیسران نے بھی شرکت کی ۔میٹنگ کے دوران جانکاری فراہم کی گئی کہ اس وقت ضلع کے سرحدی علا قوں میں مجموعی طورپر 2445بنکروں کی تعمیر شروع کی گئی ہے جن میں سے محکمہ دیہی ترقی کی جانب سے 1676اور محکمہ پی ڈبلیو ڈی راجوری نے جانب سے 101جبکہ محکمہ پی ڈبلیو ڈی نوشہرہ کی طرف سے668 بنکروں کی تعمیر شروع کی گئی ہے ۔ابھی تک 761بنکروں کی تعمیر ات مکمل کر لی گئی ہیں ۔میٹنگ کے دوران محکمہ دیہی ترقی کے آفیسران نے جانکاری فراہم کرتے ہوئے کہاکہ اس وقت 1745انفراد ی اور 147کمیو نٹی بنکرہیں جبکہ 1676بنکروں میں 1615انفردی اور 61کمیو نٹی بنکروں کی تعمیر شروع کر دی گئی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ ان بنکروں کی تعمیر مختلف مرحلوں میں ہے ۔انہوں مذکورہ کام میں آرہی رکاﺅٹوں کے سلسلہ میں بھی جانکاری فراہم کی ۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے ہدایت جاری کرتے ہوئے کہاکہ مذکورہ کام میں آرہی رکاﺅٹوں اور مٹریل کی قلت کے سلسلہ میں روزانہ کی بنیادوں پر رپورٹ پیش کی جائے ۔ایگز یکٹو انجینئر محکمہ پی ڈبلیو ڈی نوشہر ہ نے جانکاری فراہم کرتے ہوئے کہاکہ سب ڈویژن کے سرحدی علا قوں میں 1116بنکر ہیں جن میں سے 1000 انفردی اور 116کمیو نٹی بنکرہیں جن میں سے 270بنکروں کو مکمل کرلیا گیا ہے ۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے آفیسران کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہاکہ مذکورہ تعمیر ات میں تیزی لائی جائے تاکہ مقرر کردہ ہدف کے اندر ہی تعمیر ات کا مکمل کرلیا جائے ۔