بنولہ علاقہ میں بجلی محکمہ کا حال بے حال | تاریں درختوں کیساتھ آوایزں ،4دنوں سے سپلائی بند

مینڈھر //سب ڈویژن مینڈھر کے بنولہ علاقہ میں بجلی کی ترسیلی لائنیں درختوں اور لکڑی ک کھمبوں کیساتھ باندھنے کی وجہ سے صارفین کوکئی طرح کے مسائل درپیش ہیں ۔صارفین نے متعلقہ محکمہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ بجلی نظام کی مرمت نہ کرنے کی وجہ سے گزشتہ چار روز سے ان کی سپلائی بند ہو گئی ہے جبکہ محکمہ کے ملازمین کو اس سلسلہ میں اطلاع فراہم کرنے کے باوجود بھی کوئی ملازم علاقہ کا رخ کرنے کو تیار نہیں ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ محکمہ اور ضلع انتظامیہ کی جانب سے علاقہ میں بجلی سپلائی کیلئے پختہ کھمبے ہی نصب نہیں کئے ہیں جبکہ تاروں کو سبز درختوں کیساتھ باندھ کر سپلائی عارضی طور پر بحال رکھی گئی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ سبز درختوں کے ساتھ تاریں ہونے کی وجہ سے سپلائی لائنیں بھی درجنوں درختوں سے ہو کر گزرتی ہیں لیکن محکمہ کے ملازمین کیساتھ ساتھ آفیسران بھی علاقہ کو رخ کر کے راضی ہی نہیں ہیں ۔صارفین نے ضلع ترقیاتی کمشنر سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ بنولہ علاقہ میں بجلی سپلائی کی بحالی او ر ترسیلی لائنوں کو معیاری بنانے کیلئے ملازمین کو متحرک کیا جائے جبکہ لاپرواہ ملازمین کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے ۔