بندرکے حملے میں معصوم بچی زخمی | جاگر س پارک راجباغ میں خوف و دہشت

سرینگر// راجباغ علاقے میں واقع جاگرس پارک میں بندرکے اچانک حملے میں ایک نو سالہ بچی زخمی ہوگئی۔اس حملے کے بعد پارک میں آنے والے شہریوں خصوصاً خواتین اور بزرگوں میںخوف اور تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔بدھ کی صبح ساڑھے 7 بجے پارک میں اس وقت کھلبلی مچ گئی جب ایک آوارہ بند ر نمودار ہوااور اس نے آناًفاناً9سالہ بچی بازیلہ جان ساکنہ مہجور نگر پر حملہ کردیا۔موقعہ پر موجود چند افراد نے بندر کو بڑی مشکل سے بھگا دیا لیکن اس دوران بندر نے بچی کی ٹانگ کے اندر گہرائی میں دانت پیوست کردئے تھے جس کی وجہ سے زخم سے خون بہنے لگا۔ جس کے بعد بچی کوصدر اسپتال سرینگر پہنچایا گیا ۔ اسپتال کے ایف بلاک میں موجود اینٹی ریبیزسیکشن کے ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم نے بچی کی جانچ کی جس کے بعد زخموں کے ارد گرد قریب ایک درجن ٹانکے لگائے گئے ۔بچی کو اسپتال سے رخصت کرنے سے قبل اینٹی ریبیز ویکسین اور ٹی ٹی ویکسین کے انجکشن بھی لگائے گئے۔ بچی کے والد بشیر احمد نے  بتایا کہ انہیں ڈاکٹروں نے بچی کوکم سے کم تین مرتبہ مزید ٹیکے لگوانے کی صلاح دی ہے اور اسکے لئے مخصوص تاریخوں کا تعین کیا گیا ہے۔پارک میں تعینات ایک ملازم نے بتایا کہ کچھ لوگ 23جولائی کو بند رکو پکڑ کر لے بھی گئے لیکن 24جولائی کو بند ر پھر سے پارک میں پہنچا اور دن میں کچھ بچے پھر سے بند ر کو پکڑنے کے لئے پارک میں پہنچ گئے۔لوگوں نے گورنر انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ لاپرواہ ملازمین اورافسران کے خلاف فوری کا رروائی عمل میں لائی جائے۔واضح رہے شہر سرینگر کے مختلف علاقوں سے لو گوں کی بڑی تعداد صبح پانچ بجے سے ہی ورزش کرنے کے لئے پارک کا رخ کرتے ہیں جن میں مریض اور معمر خواتین اور مردو ں کی بڑی تعداد کے ساتھ ساتھ بچے بھی شوق سے پارک میں آتے ہیں۔