سرینگر //بمنہ میں پیش آئے دلدوز حادثہ میں5شہریوں کی میت کو ہیلی کاپٹر کے ذریعہ بروقت کرناہ پہنچانے پر ٹنل کارڈی نیشن کمیٹی کرناہ ،سیول سوسائٹی ، بیوپار منڈل اور دیگر طبقہ ہائے فکر کی انجمنوں نے گورنر اورصوبائی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا ہے۔ایک بیان میں ٹنل کارڈی نیشن کمیٹی کرناہ نے گورنر ستیہ پال ملک ، گورنر کے مشیروں ، ڈویژنل کمشنر کشمیر بصیر احمد خان ،ضلع ترقیاتی کمشنر سرینگر ڈاکٹر سیدعابد ، ڈی سی کپوارہ خالد جہانگیر ، ایس ایس پی کپوارہ ،ایس ڈی ایم کرناہ ڈاکٹر الیاس، ایس ایچ او کرناہ ناصر حسین ،ایس ایچ او پٹن میر سلیم کے علاوہ فوج اور ایسے تمام لوگوں کا شکریہ ادا کیا ہے جنہوں نے اس حادثہ کے بعد میتوں کو آبائی جگہ پہنچانے میں مدد کی۔واضح رہے کہ ماضی میں جب بھی ایسے حادثات پیش آئے تو شہریوں کی نعشیں کئی کئی دنوں تک سر رہ پڑی رہتی تاہم اس بار گورنر انتظامیہ کی بروقت کوششوں کے نتیجے میں میتیں کرناہ پہنچائیں گئیں۔ ٹنل کارڈی نیشن کمیٹی نے گورنر اور مرکزی سرکار سے مطالبہ کیا ہے کہ ٹنل کی تعمیر کا کام فی الفور ہاتھ میں لیا جائے تاکہ عوام کی مشکلات کا ازالہ ہوسکے۔