بلیوارڑ پر سیاحوں کیلئے واک وے کی تعمیر | صوبائی کمشنر نے چیمبر کی طرف سے ابھارے گئے معاملات کا جائزہ لیا

سرینگر//صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمدخان نے ایک میٹنگ کے دوران کشمیر چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹریز کی طرف سے اُبھارے گئے معاملات کاجائزہ لیا۔کے سی سی آئی نے صوبائی کمشنر کی طرف سے سنیچر کے روز قومی شاہراہ پر لازمی اشیاء سے بھرے تین ہزار ٹرکوںکی وادی روانگی کو یقینی بنانے کے لئے اُن کی پہل اور کوششونںکی سراہنا کی۔کے سی سی آئی کے ممبران نے صوبائی کمشنر کے سامنے کئی دیگر معاملات بھی رکھے۔وادی کے لئے بلا خلل زمینی رابطے کے سلسلے میں صوبائی کمشنر نے ممبران کو یقین دہانی کرائی کہ قومی شاہراہ کو ایک ہفتے کے اندر اندر مکمل طور بحال کیا جائے گا جس کے بعد دونوں طرف سے ٹریفک کی آمدورفت ممکن بن سکتی ہے۔صوبائی کمشنر نے ممبران کو بتایا کہ راجدھانی شہر میں سمارٹ سٹی پروجیکٹ کا پہلے ہی آغاز کیا گیا ہے۔جس کے تحت بلیوارڈ روڈ پر سیاحوں کے لئے واک وے تعمیر کیا جارہا ہے ۔اس کے علاوہ 6مقامات پر کثیر سطحی پارکنگ بھی قائم کی جارہی ہے جب کہ دیگر پروجیکٹوں کی عمل آوری کو بھی یقینی بنایا جارہا ہے۔صوبائی کمشنر نے کہا کہ کے سی سی آئی کے تحفظات کی طرف ٹھوس توجہ مبذول کی جائے گی اور وادی میں اقتصادی شعبے کے فروغ کے لئے بھی اقدامات کئے جائیں گے۔میٹنگ میں ڈائریکٹر انڈسٹریز اینڈ کامرس ،ہارٹیکلچر،ہینڈی کرافٹس اینڈ ائرپورٹ اتھارٹی اورجوائنٹ ڈائریکٹر ٹورازم کے علاوہ کے سی سی آئی کے ممبران بھی موجود تھے۔