یو این آئی
ولساڈ // جاپان کے تعاون سے بنائے جانے والے ممبئی-احمد آباد بلٹ ٹرین پروجیکٹ میں جمعرات کو ایک اہم پیش رفت ریکارڈ کی گئی اور اس پروجیکٹ میں گجرات میں تعمیر کی جانے والی واحد سرنگ کی کھدائی کا کام مکمل کر لیا گیا۔پروجیکٹ کے سی4 پیکج کے تحت مہاراشٹر-گجرات سرحد پر جھرالی گاؤں کے قریب ایک پہاڑی میں بننے والی سرنگ کے جنوبی سرے کو انجینئروں نے کنٹرولڈ دھماکے کے ذریعے کھول دیا۔ جنوبی سرے سے چند میٹر کے فاصلے پر مہاراشٹر کی سرحد شروع ہوجاتی ہے۔یہ سرنگ مجموعی طور پر 334 میٹر لمبی ہوگی جسے جاپانی ٹیکنالوجی سے تیارکیا جائے گا۔ اس سرنگ کے دونوں سروں پر 31-31 میٹر طویل کھڑکیوں پر مشتمل ڈھانچے والے انٹرینس ہوڈ بنائے جائیں گے، جو 320 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے آنے والی ٹرینوں کے ماحولیاتی دباؤ کو کنٹرول کریں گے اور ٹرینیں سرنگ سے بہت آسانی سے گزر سکیں گی۔