بلنوئی ۔تتا پانی رابطہ سڑک برسوں بعد بھی نا مکمل | حد متارکہ کے نزدیک آباد 5پنچایتوں کی عوام پریشان

مینڈھر //سب ڈویژن مینڈھر کے سرحدی علاقہ میں زیر تعمیر بلنوئی تا تتاپانی 6کلو میٹر رابطہ سڑک گزشتہ کئی برسوں سے مکمل نہیں ہو سکی جس کی وجہ سے صفرلائن کے قریب آباد 5بڑی پنچایتوں کی عوام کو دوران آمد ورفت شدید مشکلات کا سامنا کرناپڑتا ہے ۔مکینوں نے بتایا کہ محکمہ پی ڈبلیو ڈی کی جانب سے رابطہ سڑک کی تعمیر کا عمل شروع کیا گیا تھا لیکن برسوں بعد بھی تعمیر اتی عمل نامکمل ہے ۔انہوں نے بتایا کہ سرحدی علاقوں میں رابطہ سڑک کی تعمیر کے سلسلہ میں لوگوں نے متعدد مرتبہ اعلیٰ حکام و مقامی انتظامیہ سے بھی رابطہ قائم کیا لیکن ابھی تک اس کو مکمل کرنے کی جانب دھیان نہیں دیا گیا ہے ۔مقامی سرپنچ نسیم اختر نے محکمہ پی ڈبلیو ڈی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ 3ماہ قبل سڑک کو مکمل کرنے کیلئے 3کروڑ 71لاکھ روپے کا ٹینڈر ہوا تھا لیکن ابھی تک متعلقہ ٹھیکیدار کی جانب سے سڑک کی تعمیر کا عمل شروع ہی نہیں کیا گیا ۔انہوں نے محکمہ پر لاپراہی کاالزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ عوام کو درپیش مشکل کو سنجیدگی کیساتھ نہیں لیاجارہا ہے ۔سرپنچ نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ تعمیر اتی عمل کو جلدازجلد شروع کروایا جائے لیکن اگر ٹھیکیدار کی جانب سے تعمیر اتی عمل شرو ع نہیں کیا جاتا تو اس کا ٹینڈر منسوخ کر کے دوبارہ سے اس عمل کو مکمل کیاجائے ۔