بلنائی کا خستہ حال طبی مرکز انتظامیہ کی عدم توجہی کا شکار

 
پونچھ//تحصیل منڈی کے صدر مقام سے پندرہ کلو میٹر کی دوری پر سر سبز پہاڑوں کے درمیان ایک گا ئوں بلنائی واقع ہے جس کا موسم دلکش اور جازبِ نظر ہوتا ہے ،بہار کا موسم جہاں پہاڑوں کو سرسبز کرتاہے وہیں درختوں پر کھلے پھول اس کی چاشنی میں مزیدنکھارلاتے ہیں۔سردیوں میں برف پہاڑوں پر سفید چادر اوڑھ لیتی ہے جس کا نظارہ روح کو ٹھنڈک پہنچانے کاباعث ہوتا ہے۔یہاں کی ہر صبح وشام دل ودماغ کو سکون اور تازگی بخشتی ہے۔قدرتی حسن سے مالامال گائوںبلنائی کی آبادی دورِحاضر میں بھی کئی طرح کی پریشانیوں سے دوچار ہے۔ علاقہ میں عوام کو بنیادی سہولیات بھی فراہم نہیں کی گئی ہیں۔بنیادی سہولیات مہیانہ ہونے کی وجہ سے یہاں کی اکثریت  تعلیم نہیںحاصل کر پائی ہے اس لیے اکثریت کاذریعہ معاش ذمہ د اری ہے یا پھر مزدوری۔اس علاقہ میں عوام کو طبی سہولت فراہم کرنے کے لئے عرصہ دراز قبل ایک (ہیلتھ سب سنٹر) طبی مرکز قائم کیا گیا تھا۔ اس سلسلہ میں وہاں ایک عمارت بھی تعمیر کی گئی تھی جو مقامی لوگوں کے مطابق 20سال سے خستہ ہے ۔اس عمارت کی خستہ حالی کی وجہ سے طبی سینٹر کسی شخص کے رہائشی مکان میں قائم ہے جہاں صرف ایک ملازم تعینات ہے اور اس ملازم کو بھی ادویات اور دیگر ضروری سازو سامان مہیا نہیں ہے جس کی وجہ سے اس سب سنٹر کا مقامی لوگوں کو کوئی فائدہ نہیں ہے۔اس علاقہ کے بشیر احمد نامی ایک شخص نے بتایا کہ اگر ان کے گائوں میں کوئی ایمرجنسی پڑ جائے تو  مرحم پٹی کا سامان بھی دستیاب نہیں ہوتا۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں وہ بارہا متعلقہ افسران اور لیڈاران سے اپیل کر چکے ہیں لیکن کوئی فائدہ نہیںہوا۔ انہوں نے کہا کہ ان کا گائوں ضلع کے حکمرانوں اور سیاست دانوں اور اعلیٰ افسروں کی بے حسی کی اورعدم توجہ کا مرکز بنا ہے۔تعلیم کے شعبہ کی بات کی جائے یا طبی نظام درہم برہم ہے۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی بڑے حادثے یا بیماری کی صورت میں لوگوں کو کئی کئی کلو میٹر کا فاصلہ طے کر کے منڈی سب ضلع ہسپتال یا پھر ضلع ہسپتال پونچھ پہنچنا پڑتا ہے جو فاصلہ طے کرنا جوئے شِیرلانے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کاخوبصورت و دلکش نظاروں والا گائوںمسائل سے دوچار ہے۔ ان کے علاوہ غلام احمد ، عبدالحمید اور دیگر لوگوں نے بھی مطالبہ کیا کہ بلنائی کے طبی مرکز کی عمارت کو دوبارہ تعمیر کیا جائے اور وہاں ڈاکٹر اور دیگر عملہ تعینات کیا جائے تاکہ ان لوگوں کو وقت ضرورت  اپنے علاقہ میں علاج معالجہ کی سہولت فراہم ہو۔اس حوالے سے جب بلاک میڈیکل افسر منڈی سید مشتاق حسین شاہ سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ وہ اس حوالے سے جلد ہی کوئی ٹھوس قدم اٹھا کر وہاں کی عوام کے مطالبات پورے کریں گے۔