بلدیو پرکاش جموں کشمیر بینک کے نئے سربراہ

سرینگر//ریزرو بینک آف انڈیا نے آئندہ برس سے بنکنگ کے میدان میں 30 برس کے تجربہ یافتہ بلدیو پرکاش کو جموں کشمیر بینک کامنیجنگ ڈائریکٹر اور چیف ایگزیکٹیو افسر کی حیثیت سے تعینات کرنے کو منظوری دی ہے۔ آر بی آئی نے کہا ہے ’’ سیبی‘کے ضابطہ30کے مطابق 26 اکتوبرکو بلدیو پرکاش کو بینک کے منیجنگ ڈائریکٹر اور چیف ایگزیکٹیو آفیسر کی تقرری کو 3 سال کیلئے عہدہ سنبھالنے کو منظوری دی جاتی ہے اور یہ تقرری بلدیو پرکاش کے چارج سنبھالنے کی تاریخ یا 10 اپریل 2022 سے لاگو ہوگی۔‘‘ آر بی آئی نے اس ضمن میں وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بینک کے بورڈ کی جانب سے بلدیو پرکاش کی بطور ایم ڈی اور سی ای او تقرری اور ان کے چارج سنبھالنے کی اصل تاریخ الگ سے بتائی جائے گی۔بلدیو پرکاش اس وقت سٹیٹ بنک آف انڈیا ممبئی میں جنرل منیجر کی حیثیت سے کام کررہے ہیں۔وہ ایس بی آئی میںمختلف عہدوں پر فائز رہے، جن میں چیف جنرل منیجر،ڈیجیٹل و لین دن بینکنگ مارکیٹنگ کی حیثیت سے بینک کی پالیسی اور حکمت عملی تیار کرنے اور کاروباری صارفین کو ڈیجیٹل اور لین دن بینکنگ خدمات فراہم کرنے کی ذمہ داری بھی شامل تھی۔بینک نے ایک بیان میں کہا کہ بلدیوپرکاش نے مسقط (سلطنت عمان)میں بھی کام کیا ہے جہاں انہوں نے علاقائی آپریشنز سمیت ترسیلات زر کے کاروبار کی خدمات سنبھالی ہیں۔واضح رہے کہ جون 2019میں پرویز احمد نینگرو کو جموں و کشمیر بینک کے چیئرمین کے عہدے سے برطرف کرنے اور اس عہدے پر چھبر کی تعیناتی کے بعد کی موجودہ توسیع 10 اکتوبر 2021 کو مکمل ہوئی تھی۔8جون، 2019 کو جموں و کشمیر انتظامیہ نے پرویز احمد نینگرو کو برطرف کرکے بینک کے ایگزیکٹو صدر چھبر کو عبوری چیئرمین مقرر کیا تھا۔