بلدیاتی چنائو کے پیش نظر اجلاس

نوشہرہ//ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری محمد اعجازاسد نے ڈاک بنگلہ نوشہرہ میں معززشہریوں کے ساتھ ایک میٹنگ کرکے آئندہ میونسپل چنائو پر تبادلہ خیال کیا اور ضابطہ اخلا ق کی پاسداری کرنے کی تاکید کی ۔موصوف دیگر افسران کے ہمراہ نوشہرہ پہنچے جہاں انہوں نے ڈاک بنگلہ میں ایک میٹنگ منعقد کرکے معززین کے ساتھ بلدیاتی چنائو پر تبادلہ خیال کیا ۔ میٹنگ میں ان چنائو میں حصہ لے رہے امیدوار بھی موجود تھے ۔ اعجاز اسد نے کہاکہ چنائو کے ضابطہ اخلاق کی پاسداری کو یقینی بنایاجائے اور انہیں امید ہے کہ کوئی بھی اس کی خلاف ورزی کا مرتکب نہیںہوگا۔ انہوں نے کہاکہ پرامن و صاف و شفاف انتخابات کیلئے لوگوں کا تعاون درکار ہے ۔انہوں نے کہاکہ پولیس و سیکورٹی عملے کے ساتھ بھی بہترین تال میل رکھاجائے ۔ میٹنگ میں اے ڈی سی نوشہرہ سچن دیو سنگھ، ایس ایس پی راجوری یوگل منہاس، اے ایس پی نوشہرہ ماسٹر پوپسی ، تحصیلدار نوشہرہ قدیر الرحمن قاضی سمیت دیگر افسران بھی موجو دتھے ۔