بلدیاتی چناؤ

 راجوری پونچھ میں 134امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے 

سمت بھارگو
راجوری //بلدیاتی چنائو کیلئے راجوری پونچھ میں 134امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے ہیں ۔راجوری کی پانچ میونسپل کمیٹیوں تھنہ منڈی ، راجوری ،کالاکوٹ، نوشہرہ اور سندر بنی میں 59امیدواروں نے کاغذات نامزدگی بھرے ہیں جن میں سے 45مرد اور 14خواتین شامل ہیں۔کاغذات نامزدگی کیلئے آج آخری تاریخ ہے جس دن بھی کئی امیدواروں کے میدان میں آنے کی توقع کی جارہی ہے ۔وہیںپونچھ میں 74امیدواروں نے سرنکوٹ و پونچھ میونسپل کمیٹیوں کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کروائے ہیں ۔دریں اثناء بھاجپا کی طرف سے پونچھ میں ایک ریلی نکالی گئی جس کی سربراہی ممبرپارلیمنٹ جگل کشور شرما نے کی جس میں ایم ایل سی پردیپ شرما بھی موجو دتھے ۔اس دوران بھاجپا کی طرف سے نامزد کئے گئے امیدواروں کے حق میں نعرے بازی کی گئی اور بھاجپا نے جیت حاصل کرنے کا دعویٰ کیا۔راجوری میں ممبرقانون ساز کونسل وبودھ گپتا کی قیادت میں ریلی نکالی گئی جس میں پارٹی کے ضلع صدر دنیش شرمابھی شریک تھے ۔وہیں کانگریس کی بھی طرف سے راجوری میں پرانے شہر میںایک ریلی نکالی گئی جس کی قیادت سابق وزیر شبیر احمد خان نے کی ۔اس موقعہ پر پارٹی کی طرف سے نامزد ہوئے امیدواروں کے حق میں ووٹ کی اپیل کی گئی ۔ریلی سے خطاب کرتے ہوئے شبیر احمد خان نے کہاکہ کانگریس راجوری ضلع میں غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی ۔
 
 

 تھنہ منڈی میں اجلاس منعقد

طارق شال 
تھنہ منڈی //راجوری پولیس کی طرف سے بلدیاتی چنائو سے قبل تھنہ منڈی میں ایک اجلاس منعقد کیاگیا جس میں مقامی معززین نے بھی شرکت کی ۔اس موقعہ پر چنائو کی تیاریوں کا جائزہ لیاگیا ۔ اس اجلاس کی قیادت سب ڈیویژنل پولیس افسر تھنہ منڈی افتخار احمد چوہدری نے کی جبکہ اس موقعہ پرا یس ایچ او نذیراحمد ڈار ،سیاسی جماعتوں کے کارکنان و معززین بھی موجو دتھے ۔ ایس ڈی پی او نے کہاکہ تھنہ منڈی کے عوام نے پولیس کو ہمیشہ تعاون دیاہے جس کیلئے وہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔انہوں نے کہاکہ تھنہ منڈی کے تیرہ وارڈوں میں پہلے مرحلے میں ہی چنائو ہورہے ہیں جس کیلئے ووٹنگ آٹھ اکتوبر کوہوگی ۔انہوں نے کہاکہ تمام سیاسی جماعتوں کو آپسی بھائی چارے کو قائم رکھناچاہئے اور لڑائی جھگڑے سے اجتناب کیاجائے ۔ انہوں نے تمام امیدواروں کو سیکورٹی فراہم کرنے کا یقین دلایا۔
 
 
 

بلدیاتی چنائو سے قبل عملے کی تربیت 

راجوری //بلدیاتی چنائو سے قبل راجوری میں پولنگ عملے کی تربیت کا سلسلہ شروع کیاگیاہے ۔اس حوالے سے گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج راجوری کے کانفرنس ہال میں تین روزہ تربیتی پروگرام شروع کیاگیاہے ۔اس دوران عملے کو ای وی ایمز کو چلانے اور پیپر کے استعمال کے بارے میں جانکاری فراہم کی جائے گی ۔اس تربیتی پروگرام میں520ملازمین کو تربیت فراہم کی جارہی ہے ۔یہ تربیت نوڈل افسر برائے ٹریننگ اسسٹنٹ ڈیولپمنٹ کمشنر راجوری اختر قاضی کی طرف سے ڈپٹی کمشنر راجوری محمد اعجاز اسد کی ہدایت پر دی جارہی ہے جس میں مزید کچھ ٹرینر بھی شامل ہیں۔
 
 
 

چنائو میں شرکت کا فیصلہ 

کانگریس لیڈر نے پارٹی کی سراہنا کی ۔

مینڈھر//سابق جنرل سکریٹری پردیش کانگریس کمیٹی چوہدری ظفر اللہ آزاد ایڈووکیٹ نے پارٹی کے بلدیاتی و پنچایتی چنائو میں حصہ لینے کی سراہناکرتے ہوئے کہاکہ اس سے جمہوری ادارے مضبوط ہوگی ۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے پارٹی کے ریاستی صدر غلام احمد میر کی سراہنا کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس کمیٹی پارٹی بلدیاتی انتخابات اور پنچایتی انتخابات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے گی اور جمہوری اداروں کی بحالی کیلئے اقدامات کئے جائیں گے ۔چوہدری ظفر اللہ آزاد نے ریاستی گورنر ستیا پال ملک کے اس بیان کی سراہنا کی جس میں انہوں نے اس بات کا اعلان کیاہے کہ جمہوری اداروں کی بحالی کیلئے بلدیاتی اور پنچایتی انتخابات کے فوراً بعد ریاست جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات کروائے جائیں گے تاکہ جمہوری نظام بحال ہونے کے ساتھ ساتھ ریاست کی بہتری اور بہبودی ،تعمیر و ترقی ،بے روزگاری دور کرنے کے لئے ایک مضبوط سرکار بنے ۔چوہدری ظفر اللہ ازاد نے مزید کہا کہ بلدیاتی اور پنچایتی اور اسمبلی انتخابات میں کانگریس ہائی کمان کو زمینی حقائق مد نظر رکھ کر اپنے اچھے اور ہونہار نوجوان میدان میں اتاریں تاکہ کانگریس پارٹی کو ہر ضلع کے اندر بھاری اکثریت سے کامیابی ملے اور آنے والے اسمبلی انتخابات میں ریاست جموں و کشمیرمیں کانگریس کی سرکار بنے۔