بلدیاتی وپنچایتی چناو: پولیس الیکشن کیلئے تیار یاں کرے:پولیس سربراہ

 
بارہمولہ+سوپور //پولیس سربراہ دلباغ سنگھ نے ریاستی پولیس پر زور دیا  ہے کہ وہ بلدیاتی اور پنچایتی الیکشن کو احسن اور پرامن طریقے سے منعقد کرانے کیلئے تیاریاں شروع کریں۔ دلباغ سنگھ جن کے ہمراہ آئی جی پی کشمیر ایس پی پانی بھی تھے، نے سوپور اور بارہمولہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے سینئر پولیس افسران کیساتھ ملاقات کرنے کے علاوہ پولیس درباروں سے خطاب کیا۔اپنے خطاب میں ڈی جی پی نے پولیس، ، فوج اور سی آر پی ایف کی سراہنا کی جنہوں نے ریاست میں سیکورٹی صورتحال کو کافی حد تک معمول پر لایا۔موجودہ تال میل کو اور مضبوط بنانے پر زور دیتے ہوئے ڈی جی پی نے کہا کہ ہم سب کا ایک ہی مقصد ہے کہ جموں و کشمیر میں امن قائم ہو سکے۔دلباغ سنگھ نے کہا ’’ میری ترجیح نوجوان نسل اور انکا مستقبل ہے،اور مقامی لوگوں کی مدد سے ہم اس مقصد میں کامیاب ہونگے کہ انہیں صحیح راستے پر ڈال کر اپنی قوت کو ملک کی بہتری کیلئے صرف کریں۔ انہوں نے جوانوں اور افسروں سے تلقین کی کہ وہ لوگوں کے ساتھ نرمی اور خوش اخلاقی سے پیش آئے اور ضرورت پڑنے پر ہر ممکن مدد فراہم کریں۔انہوں نے افسران اور جوانوں پر زور دیا کہ وہ بلدیاتی اور پنچایتی الیکشن کو احسن اور پرامن طریقے سے منعقد کرانے کیلئے تیاریاں شروع کریں۔ اس موقعہ پر ایس ایس پی بارہمولہ شری امتیاز حسین اور ایس ایس پی سوپور شری جاوید اقبال نے متعلقہ اضلاع کی سیکورٹی صورتحال کے بارے میں ڈی جی پی کو جانکاری فراہم کی ۔