بلدیاتی انتخابات : ووٹوں کی گنتی کے لئے تمام انتظامات مکمل

 جموں//اب جب کہ بلدیاتی انتخابات کا آخری مرحلہ بھی مکمل ہو گیا ہے ، متعلقہ حکام کی تمام تر توجہ 20اکتوبر کو ہونے والی ووٹوں کی گنتی کے انتظامات کی طرف مرکوز ہو گئی ہے ۔ بدھ کے روز ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر رمیش کمار نے کائونٹنگ کے لئے کئے جانے والے انتظامات کا جائزہ لیا۔ جموں میونسپل کارپوریشن اور ضلع کی 7میونسپل کمیٹیوں کے 154وارڈوں کے لئے ہوئے انتخابات کے ووٹوں کی گنتی آئندہ سنیچر کے روز ہوگی۔ جموں ضلع میں 8اکتوبر کو ووٹ پڑے تھے جب ان آٹھ اداروں کے لئے  4,41,635میں سے 2,81,889 ووٹروں نے حق رائے دہی کا استعمال کیا تھا۔ ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر ن نے حکام کو ہدایت دی کہ وہ پوری طرح سے شفاف اور پر امن ڈھنگ سے ووٹوں کی گنتی کو مکمل بنائیں۔ اس موقعہ پر بتایا گیا کہ ووٹوں کی گنتی 9بجے صبح شروع ہوکر کام ختم ہونے تک جا رہی رہے گی۔ کائونٹنگ ہال میں تمام تر انتظامات الیکشن کمیشن کی ہدایت کے مطابق مکمل کر لئے گئے ہیں۔ صرف ان گاڑیوں اور افراد کو ہی کائونٹنگ ہال میں آنے کی اجازت ہوگی جن کے پاس اجازت نامے ہوں گے۔ اس دوران بیٹھنے کے لئے خاطر خواہ انتظامات کئے گئے ہیں، جے ایم سی اور پی ایچ ای محکمہ کو صحت صفائی اور پانی وغیرہ کے انتظامات کے لئے کہا گیا ہے ۔ پولیس اور سول ایڈمنسٹریشن کے کنٹرول روم تیار کئے گئے ہیں جب کہ میڈیا سنٹر بھی بنایا گیا ہے تا کہ ووٹوں کی گنتی کو کوریج دی جا سکے۔ کائونٹنگ عمل کے لئے ماک ڈرل 19اکتوبر کو کی جائے گی۔ کائونٹنگ کے دوران تفصیلات فراہمی کے لئے انتظامات کرنے کے علاوہ ٹریفک پولیس کو بھی اس دوران جامع منصوبہ بندی کرنے کے لئے کہا گیا ہے تا کہ کائونٹنگ ہال کے قریب کسی قسم کی بد نظمی پیدا نہ ہو سکے ۔ اس موقعہ پر اے ڈی سی رچھپال سنگھ، ایس ڈی ایم ، جوئنٹ کمشنر جے ایم سی، ڈپٹی ڈی ای او ظفر باندے اور پرنسپل پالی ٹیکنک ارو ن بگوترہ بھی وہاں پر موجود تھے۔