بلدیاتی ادارہ میں اپنی پارٹی سب سے بڑی جماعت

سرینگر// سرینگر میں اپنی پارٹی کو اُس وقت ایک بڑی کامیابی ملی جب سرینگر میونسپل کارپوریشن کے متعدد کارپوریٹروں نے پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ اب سرینگر میونسپل کارپوریشن میں اپنی پارٹی سب سے بڑی جماعت ہوگئی ہے۔ پارٹی صدر سید محمد الطاف بخاری اور یوتھ پارٹی صدر اور سرینگر میونسپل کارپوریشن کے میئر جنید عظیم متو نے شمولیت اختیار کرنے والوں کا خیر مقدم کیا۔ بخاری نے کارپوریٹرز کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہاکہ اپنی پارٹی کا مقصد جموں وکشمیر کے لوگوں کی خوشحالی اور ترقی ہے اور اِس مقصد کے حصول کے لئے ہم خیال لوگوں کی بہت زیادہ ضرورت ہے۔ بخاری نے کہا’’میں دلی کی عمیق گہرائیوں سے کارپوریٹرز کا اپنی پارٹی میں خیر مقدم کرتا ہوں اور مجھے یقین ہے کہ ہم مل کر عام عوام کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لائیں گے‘‘۔ جنید عظیم متو نے کارپوریٹروں کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہاکہ مشترکہ طور ہم تندہی سے لوگوں کی بہبودی کے لئے کام کرنے کے قابل ہوں گے۔ انہوں نے کہا’’بنیادی نظریاتی ترجیحات کے ذریعے ثالثی کا نظریاتی میچ منصفانہ جمہوری نمائندگی کو یقینی بناتا ہے، اس سے  پارٹی مزید مستحکم، ماورائے عدالت اور باضمیر ہو جاتی ہے۔ میں پارٹی میں نئے آنے والوں کو تہہ دل سے خوش آمدید کہتا ہوں؛ میری نیک تمنائیں اُن کے ساتھ ہیں‘‘۔ اس موقع پر پارٹی میڈیا ایڈوائزر فاروق اندرابی، یوتھ ریاستی سیکریٹری اور سرینگر میونسپل کارپوریشن کے کارپوریٹر زیڈیبل تنویر حسین شاہ، محمد اشرف ڈار انچارج امیرا کدل حلقہ، کاؤنسلر مہجور نگر محمد سلیم بھٹ، شیزاد بھٹ، عماد میر ودیگر بھی موجود تھے۔ پارٹی میں شمولیت کرنے والوں میں کانگریس کے ضلع جنرل سیکریٹری اور کارپوریٹر راج باغ بھٹ شاہین، کانگریس ریاستی سیکریٹری اور کارپوریٹر ہمامہ اعجاز رسول، ریاستی سیکریٹری پردیش کانگریس کمیٹی اور کارپوریٹر بڈشاہ نگر اور سوبی جان ضلع سیکریٹری اور کانگریس مہلا مورچہ کارپوریٹر نٹی پورہ قابل ِ ذکر ہیں۔