بلدیاتی ،پنچایتی انتخابات طے شدہ شیڈول کے مطابق ہونگے

سرینگر//گور نر انتظامیہ نے جموں وکشمیر میں طے شدہ شیڈول کے مطابق بلدیاتی اور پنچایتی انتخابات منعقد کرانے کا ایک بار پھر اعادہ کیا ہے۔ریاستی چیف سیکریٹری بی وی آرسبھرامنیم نے انتخابات کو جنوری تک ملتوی کئے جانے کی اطلاعات کو مفروضہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بلدیاتی وپنچایتی انتخابات کے شیڈول میں کوئی تبدیلی نہیں لائی گئی ہے اور انتخابات مقررہ تاریخوں پر منعقد کرائے جائیں گے۔ایس کے آئی سی سی میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکریٹری نے مجوزہ بلدیاتی اور پنچایتی انتخابات کے بارے میںواضح کیا کہ انتخابات کے شیڈول میں کوئی تبدیلی نہیں لائی گئی ہے ۔ان کا کہناتھا ’ ان انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے مختلف قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں ،ہم نے فیصلہ لیا ہے کہ انتخابات شیڈول کے مطابق ہونگے ،انتخابات کی تاریخوں میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی ،شیڈول میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی،میونسپل الیکشن کیلئے اب صرف تین ہفتے رہ چکے ہیں ،نومبر کے پہلے ہفتے میں پنچایتی انتخابات ہونگے۔اس سے قبل این ڈی ٹی وی نے اپنی ایک رپورٹ میں کہا تھا کہ دو بڑی علاقائی پارٹیوں کی جانب سے انتخابات کا بائیکاٹ کئے جانے کے بعد گورنر انتظامیہ ان انتخابات کو ملتوی کرسکتی ہے ،جس کا فیصلہ ریاستی انتظامی کونسل میٹنگ میں لیا جائیگا ۔یاد رہے کہ جنوبی ضلع کولگام میںمنعقدہ عوامی دربارکے حاشیے پرنامہ نگاروںسے بات چیت کرتے ہوئے چیف سیکریٹری نے کہاتھاکہ بلدیاتی وپنچایتی انتخابات شیڈول پر ہونگے۔انہوں نے پْراعتماداندازمیں کہا تھاکہ انتخابات کرانے کافیصلہ جولائی کے مہینے میں لیاگیا،اوراس سلسلے میں تب سے ہی تیاریاں جاری ہیں۔انہوں نے کہاکہ ووٹرلسٹ مرتب کرکے انکوحتمی شکل دی گئی ہے ،اورباقی لوازمات بھی پورے کئے جارہے ہیں۔ چیف سیکریٹری نے اعلان کیا تھا کہ بلدیاتی اورپنچایتی انتخابات کے حوالے سے بہت جلدچیف الیکٹورل آفیسر نوٹیفیکیشن جاری کرینگے۔سبھرامنیم کانامہ نگاروں سے کہناتھاکہ ایک ہفتے کے اندراندرآپ لوگ سارے انتخابی عمل کے بارے میں نوٹیفکیشن دیکھیں گے۔ یاد رہے کہ مختلف محکموں کے درمیان بہتر تال میل بنائے رکھنے کیلئے دو کمیٹیاں بھی تشکیل دی گئی ہیں۔ میونسپل چنائو کیلئے محکمہ داخلہ، شہری ترقی ،خزانہ،جنرل ایڈمنسٹریشن،انفارمیشن اور پولیس سربراہان پر مشتمل 6رکنی پینل بنایا گیا ہے جبکہ پنچایتی انتخابات کیلئے بھی محکمہ داخلہ،دہی ترقی،خزانہ،انفارمیشن، جی اے ڈی اور پولیس سربرہان پر مشتمل 6رکنی پینل بنایا گیا ہے۔