بلاک ڈیولپمنٹ کونسل اور ضلع پلاننگ و ڈیولپمنٹ بورڈ

جموں//بھاجپا نے ریاستی انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں بلاک ڈیولپمنٹ کونسل اور ڈسٹر کٹ پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ بورڈ (DPDB)کے انتخابات جلداز جلد منعقد کروائے جائیں۔بھاجپا کے پنچایتی راج سیل کے ریاستی کنو نیئر انیل شرما نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی انتظامیہ کی طرف سے پنچایتی اور بلدیاتی انتخابات خوش اسلوبی کیساتھ منعقد کروائے گئے ہیں جبکہ اب انتظامیہ کو چاہیے کہ وہ بلاک ترقیاتی کونسل اور ضلع پلاننگ اور ترقیاتی بورڈ کو کے انتخابات منعقد کر وانے کے بعد پنچایتی نظام کو پوری طرح سے متعارف کیا جائے ۔موصوف نے کہاکہ پنچایتی نظام کو پوری طرح سے لاگو کر وانے کے سلسلہ میں پہلے دو مرحلے کامیاب ہو چکے ہیں لیکن تیسرے مرحلے کے بغیر پنچایتی نظام مکمل نہیں ہو تا ۔انیل شرما  نے کہاکہ بھاجپا نے ہمیشہ جمہوری نظام کو مضبوط کرنے کیلئے کام کیا ہے جبکہ ریاست میں پی ڈی پی اور این سی نے جمہوری اداروں کو سب سے زیادہ نقصان پہنچایا ۔بھاجپا کے پنچایتی راج سیل کے ریاستی کنو نیئر نے ریاست میں پنچایتی اور بلدیاتی انتخابات منعقد کروانے کیلئے مرکزی حکومت اور ریاستی گورنر کی انتظامیہ کی تعریف کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ پوری پنچایتی نظام کو مکمل کر کے جمہوری اداروں کو مضبوط کیا جائے گا ۔اس موقعہ پر وریندر جیت سنگھ اور پنچایتی راج سیل اراکین بھی موجود تھے ۔