بلاک منڈی میں پنچوں کی حلف برداری تقریب

 منڈی//حال ہی میں گلشن گراؤنڈ جموں میں نو منتخب سرپنچوں کی حلف برداری ہوئی جس کے بعد ریاست کے تمام پنچوں کی حلف برداری کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے ۔ اس سلسلہ میں تحصیل کمپلیکس منڈی کے میٹنگ حال میں منڈی بلاک کے پنچوں کی حلف برداری تقریب کا انعقاد عمل میں لایا گیا جس میں کل 17 پنچائتوں میں سے 9 پنچائتوں کے 80 سے زائد پنچوں نے بلاک ڈولپمنٹ آفیسر منڈی سبھاش چندر کی موجودگی میں حلف اٹھایا – بلاک ڈولپمنٹ آفیسر منڈی نے تمام پنچوں کو حلف برداری کروائی جس کے بعد متعدد پنچوں نے ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے ریاستی انتظامیہ سے ان کو باضابطہ طور پر اختیار دینے کی اپیل کی تاکہ وہ اپنی اپنی وارڈوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کا کام سر انجام دے سکیں اور وارڈوں میں ترقیاتی کاموں کو بھی ممکن بنایا جا سکے – اس حوالے سے بلاک ڈولپمنٹ آفیسر منڈی سبھاش چندر نے بھی ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ آج 9 پنچائتوں کے 80 سے زائد پنچوں کی حلف برداری کروائی گئی ہے اور بقیہ 8 پنچائتوں کے پنچوں کی حلف برداری سنیچر کو کروائی جائے گی ۔