بفلیاز فور لین سڑک کے ڈیزائن میں تبدیلی کے مطالبہ کو لیکر احتجاج

پونچھ//ضلع پونچھ کے دور دراز علاقہ بفلیاز میں فورلین سڑک کی تعمیرات میں بفلیاز بازار میں دکانیں اور کئی رہائشی ڈھانچے آ رہے ہیں جس کی وجہ سے سینکڑوں لوگ متاثر ہو رہے ہیں ۔لوگوں نے انتظامیہ کی جانب سے مجوزہ سڑک کی تعمیر میں سروے کے دوران غریب عوام کو نظر انداز کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔ مقامی سرپنچ طاہرہ تبسم کی قیادت میں منعقدہ احتجاج کے دوران لوگوں نے جم کر نعرے بازی کی اور مطالبہ کیا کہ بازار کو نہ چھیڑا جائے بلکہ موڑ دیکر فورلین سڑک دوسری جانب سے بنائی جا ئے۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ محکمہ نے سڑک کا سروے غلط کیا ہے اور سڑک کی کشادگی کے دوران دکانیں ہٹانے سے سینکڑوں لوگ بے روزگا ہوں گے ۔ عوام نے متعلقہ محکمہ کے اعلیٰ افسران خصوصاً ضلع ترقیاتی کمشنر سے مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ سروے میں عوامی مفادات کو ترجیح دی جائے۔