بفلیاز حملہ|| 20افراد کی گرفتاری عمل میں لائی گئی راجوری، پونچھ اورریاسی اضلاع میں امسال 19فورسز اہلکاراور 28ملی ٹینٹوںہلاک

 یو این آئی

جموں//جموں وکشمیر کے بفلیاز پونچھ میں ملی ٹینٹ حملے کے بعد سیکورٹی فورسز نے 20افراد کو پوچھ تاچھ کی خاطر گرفتار کیا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ جائے وقوع کے نزدیک جتنے بھی موبائیل فون حملے کے وقت ایکٹیو تھے انہیں بھی دھر دبوچا گیا۔ذرائع نے بتایا کہ گھر گھر تلاشی کے دوران سیکورٹی فورسز نے 20افراد کی گرفتاری عمل میں لائی اور ان سے پوچھ تاچھ ہو رہی ہے۔معلوم ہوا ہے کہ جائے وقوع کے نزدیک حملے کے وقت جن لوگوں کے فون ایکٹیو تھے، انہیں بھی پوچھ تاچھ کے دائرے میں لایا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق تفتیشی ایجنسیوں نے جمعے کے روز جائے وقوع کا معائنہ کیا اور وہاں پر ثبوت و شواہد اکھٹے کئے۔دفاعی ذرائع نے بتایا کہ حملہ کرنے والے دہشت گردوں کی چند مقامی افراد نے مدد کی ہے۔انہوں نے بتایا کہ ملی ٹینٹوں کے سہولیت کاروں کی بھی تلاش شروع کی گئی۔ادھر راجوری، پونچھ اورریاسی اضلاع میں امسال ابتک 19 سیکورٹی فورسز اہلکار اور 28ملی ٹینٹ سمیت 54افراد مارے گئے۔پچھلے دو برسوں کے دوران پونچھ اور راجوری اضلاع میں ملی ٹینٹوں حملوں میں 34فوجی جاں بحق ہوئے ہیں۔ راجوری اور پونچھ اضلاع میں امسال حملوں میں 19سیکورٹی فورسز کے اہلکار مارے گئے ہیں۔امسال جنوری کے مہینے میں ملی ٹینٹوںنے ڈھانگری راجوری میں شہریوں پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں دو بچوں سمیت 7 عام شہری ہلاک جبکہ 14دیگر زخمی ہوئے تھے۔نومبر 23کو راجوری میں ہوئے ایک خونین تصادم میں دو کیپٹن سمیت 5 فوجی جاں بحق جبکہ تین اہلکار شدید طورپر زخمی ہوئے تھے۔ستمبر 13کو راجوری میں ملی ٹینٹوں کی فائرنگ میں ایک فوجی مارا گیا۔پانچ مئی کو راجوری میں ہوئے ایک آئی ای ڈی دھماکے میں پانچ پیرا کمانڈز جاں بحق ہوئے۔اپریل 20کو پونچھ میں گھات لگا کر حملہ کیا گیاجس کے نتیجے میں 5 فوجی جاں بحق ہوئے ۔سال 2022کے اگست مہینے میں راجوری میں ہوئے فدائین حملے میں پانچ فوجی جاں بحق جبکہ کئی دیگرزخمی ہوئے۔سال 2021کے اکتوبر مہینے میں مینڈھر سب ڈویڑن میں جے سے او سمیت چار فوجی ہلاک ہوئے ۔سال 2021میں ہی اکتوبر کے مہینے میں سرنکوٹ پونچھ میں حملے میں جے سی او سمیت پانچ فوجی مارے گئے۔ذرائع نے بتایا کہ جمعرات کو بفلیاز راجوری میں فوجی گاڑیوں پر گھات لگا کر حملہ کرنے کے بعد تفتیشی ایجنسیوں نے جانچ پڑتال شروع کی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ حملے کے بعدملی ٹینٹوں نے سیکورٹی فورسز کا اسلحہ بھی چھین کر وہاں سے نو دو گیارہ ہوئے۔