سرینگر //لیفٹینٹ گورنر کے مشیر بصیر احمد خان نے پیر کو کئی مذہبی رہنماؤں اور مختلف مساجد کے امام صاحبان کے ساتھ بات چیت کے دوران کووڈ 19 کے خلاف جاری جدو جہد میں اُن کا تعاون طلب کیا ۔ بصیر احمد خان نے کہا کہ کووڈ 19 کے خلاف جاری کوششوں کو مزید مستحکم کرنا اور اس کے خلاف اگلے محاذ پر کام کرنے والے عملے کو تعاون دینا ہم سب کی ذمہ داری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ماہ رمضان کے دوران لوگوں کو تراویح نمازیں گھر میں ہی ادا کرنی چاہئیں ۔ انہوں نے مذہبی رہنماؤں پر زور دیا کہ وہ لوگوں کو اس بارے میں ضروری جانکاری دیں تا کہ کورونا وائیرس کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے ۔ مشیر موصوف نے کہا کہ حکومت عام لوگوں کے تعاون کے بغیر کورونا وائیرس سے مقابلہ نہیں کر سکتی ہے۔ اس موقعہ پر مذہبی رہنماؤں نے یقین دلایا کہ وہ حکومت کی تمام سرگرمیوں میں مکمل تعاون فراہم کریں گے ۔ مذہبی رہنماؤں نے ماہ رمضان کے دوران بجلی کی بلا خلل سپلائی اور ضروری اشیاء کی دستیابی یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ۔ مشیر موصوف نے یقین دلایا کہ ماہ مبارک کے دوران سحری اور افطار کے اوقات پر کوئی بجلی کٹوتی نہیں کی جائے گی اور حکومت ہر شخص کو ضروری سہولیات کی فراہمی یقینی بنائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کی شکایات کا ازالہ کرنے کیلئے اُن کے دفتر میں ہیلپ ڈیسک قائم کیا گیا ہے ۔ مشیر نے مذہبی مقامات پر اجتماعات نہ کرنے کی تلقین کرتے ہوئے افسروں کو ہدایت دی کہ وہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں پر کارروائی کریں ۔ انہوں نے وقف بورڈ کے اہلکاروں کو صورتحال پر نگاہ رکھنے کی ہدایت دی ۔
ادویات کی سپلائی سٹاک پوزیشن کا جائیزہ لیا گیا
نیوز ڈیسک
سرینگر//لیفٹینٹ گورنر کے مشیر آر آر بٹھناگر نے ایک میٹنگ طلب کر کے وادی میں صحت شعبے کی سرگرمیوں اور ادویات کی سپلائی پوزیشن کا جائیزہ لیا ۔ مشیر موصوف نے کشمیر وادی میں کورونا وائیرس کی روکتھام کیلئے محکمہ صحت کی جانب سے کئے جا رہے اقدامات کا جائیزہ لیا ۔ موقعہ پر مشیر نے کہا کہ صحت محکمہ کے اہلکاروں کو پی پی ای کٹ اور دیگر ضروری ساز و سامان فراہم کیا جانا چاہئیے ۔ انہوں نے ٹیسٹنگ کے عمل کو بڑھانے کی بھی ہدایت دی ۔ ناظمِ صحت نے کہا کہ کشمیر میں کووڈ کیلئے مخصوص کئے گئے ہسپتال معمول کے مطابق کام کر رہے ہیں جبکہ تمام اضلاع کے سب ڈسٹرکٹ ہسپتالوں میں بھی معمول کا کام کاج جاری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ روز 747 نمونے جانچ کیلئے بھیجے گئے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹیسٹنگ کیلئے 375 لیبارٹری عملے کو تربیت دی گئی ہے ۔ آر آر بٹھانگر نے کووڈ 19 سے نمٹنے کیلئے محکمہ صحت کے اہلکاروں کی سراہنا کی ۔