بصیر خان نے ہینڈی کرافٹس اورہیند لوم کے کام کاج کا جائزہ لیا | کاریگروں کی معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے کی ہدایت

سر ینگر//لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر بصیر احمد خان نے محکمہ ہیند ی کرافٹس اور ہینڈ لوم کے ایک میٹنگ کی صدارت کی جس میں محکمہ کے کام کاج کے بارے میں جائزہ لیا۔میٹنگ میں پرنسپل سیکرٹری صنعت و حرفت ، ڈائریکٹر اِنڈسٹریز کشمیر ، ڈائریکٹر ہنڈی کرافٹس اینڈ ہینڈ لوم کشمیر، منیجنگ ڈائریکٹر جے اینڈ کے ہینڈ کرافٹس اینڈ ہیند لوم ، ڈائریکٹر فائنانس صنعت و حرفت ، ڈائریکٹر پلاننت صنعت و حرفت اور منیجنگ ڈائریکٹر ایس آئی سی او پی نے شر کت کی۔مشیر موصوف نے اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ محکمہ کی بنیادی سطح کو مستحکم کر کے کاریگروں کے معاشی حالات کو بہتر بنانے کے لئے اِقدامات کریں ۔اُنہوںنے کہا کہ محکمہ کی کوشش ہونی چاہئے کہ کاریگروں کی پیداوار بڑھانے اور ان کی مصنوعات کی نمائش میںمدد کے لئے خاطر خواہ اِقدامات کریں۔انہوں نے افسران سے کہا کہ وہ کاریگروں کو اَپنی مصنوعات کی نمائش کے لئے مواقع پیدا کرنے کے لئے اِمکانات تلاش کریں۔ انہوں نے کاریگروں کی معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے اور ان راہوں کی تلاش کے لئے حکمت عملی تیار کرنے کے لئے کہا جس سے وہ معاشی پریشانی سے راحت حاصل کرسکیں۔اُنہوں نے کہا کہ روایتی فن اور دستکاری کو بچانے کے لئے حکومت کی یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ کم  ہونے ہوئے کاریگروںکی حوصلہ اَفزائی کی جاسکے۔ اُنہوں نے کہا کہ کاریگروں کو مراعات دینے ، منڈیوں میں کوریج بڑھانے اور اَپنی مصنوعات کی نمائش کے لئے پلیٹ فارم مہیا کر کے کاریگروں سے مل کر کام کیا جاسکتا ہے ۔مشیر بصیر خان نے دستکاروں کے مفادات کے تحفظ کے لئے عملی اِقدامات کے مناسب نفاذ کی ضرورت پر زور دیا ۔ سیاحوں / صارفین کو صر ف حقیقی دستکاری اشیاء کی فروخت کو یقینی بنانے کے لئے دستکاروں کے ڈیلروں کی سرگرمیوں کی باقاعدگی سے نگرانی کو یقینی بنائیں۔اُنہوں نے کشمیر کی پشمینہ اور دیگر خصوصی ہاتھ سے تیار شدہ مصنوعات پر جی آئی ٹیگنگ کے نفاذ کی ضرورت پر بھی زور دیا۔مشیر موصوف نے محکمہ سے مزید کہا کہ رجسٹرڈ کاریگروں کی تعداد مرتب کریں تاکہ محکمہ کو کسی خاص دستکاری سے وابستہ کاریگروں کی تعداد کے بارے میں پتہ چل سکے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے وسائل کو اسی لحاظ سے پمپ کرنے کی ضرورت ہے تاکہ بہتر منافع حاصل ہوسکے۔اُنہوں نے دستکاری کو معاشی طاقت قرار دیتے ہوئے دستکاری کے فروغ اور ہنر دستوں کو براہِ راست اَپنی دستکاری اشیاء فروخت کرنے کے مواقع فراہم کرنے کے لئے کشمیر ہاٹ کے مناسب استعمال پر زور دیا اور محکمہ ہینڈکرافٹس کو ہدایت دی کہ وہ ہاٹ میں باقاعدہ سرگرمیاں منظم کریں ۔ اُنہوں نے کشمیر میں آنے والے سیاحوں کو کشمیر ہاٹ کی طرف راغب کرنے کی حکمت عملی بنانے پر بھی زور دیا۔ اس کے علاوہ اَفسران کو نمائشوں اور میلوں کی تعداد میں اضافہ کرنے کی ہدایت دی۔مشیر بصیر خان نے کہا کہ گلمرگ ، پہلگام ، اور سونہ مرگ جیسے سیاحتی جگہوں پر دستکاری اور قومی شاہراہ کے ساتھ نمایاں مقامات پر بھی آئوٹ لیٹ کھولے جائیں ۔ اُنہوں نے اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ تمام شوروموں کی معاشی طور پر قابل اعتبار رہنے کے بارے میں ایک جامع جائزہ لیں۔مشیر موصوف نے اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ دریائے جہلم کے ہر ایک گھاٹ پر دستکاری کیوسک قائم کرنے کے امکانات کو تلاش کریںاور سیاحوں کے لئے واٹر کروز کا ایک سرکٹ کروانے کے لئے محکمہ سیاحت کے ساتھ مل کر کام کریں۔ناظم ہینڈ ی کرافٹس اینڈ ہینڈ لوم نے ایک تفصیلی پرزنٹیشن پیش کی اور منیجنگ ڈائریکٹر جے اینڈ کے ہینڈ ی کرافٹس کارپوریشن اور جے اینڈ کے ہینڈلوم ڈیولپمنٹ کارپوریشن نے بھی متعلقہ محکموں کی افادیت کی فہرست دی۔ ڈائریکٹر ہینڈی کرافٹس اینڈ ہینڈ لوم نے کہاکہ سات دستکاری کو جیوٹیگ کیا گیا ہے جبکہ دیگر 10 مصنوعات جیو ٹیگنگ کے لئے پائپ لائن میں ہیں ۔انہوں نے کہا کہ محکمہ نے کاریگروں کی منڈی بڑھانے کے لئے ای۔ کامرس سائٹوں اور اوراین آئی ایف ٹی ساتھ معاہدہ کیا ہے۔