بصیرخان کا دورئہ سوپور

 بارہمولہ//لفٹینٹ گورنر کے مشیر بصیر احمد خان نے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر بارہمولہ اعجاز عبداللہ صراف اور دیگر سینئر افسران کے ہمراہ  ضلع بارہمولہ کے سوپور علاقے کا دورہ کیا اور دیہی ترقیاتی محکمہ ، پاور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے کئے گئے کئی ترقیاتی کاموں کا معائینہ کیا ۔ اپنے دورے کے آغاز میں مشیر نے رسیونگ سٹیشن امر گڑھ کا معائینہ کیا جو کہ 95 ایم وی اے سے 127 ایم وی اے تک بڑھانے کے عمل میں ہے ، جس دوران متعلقہ افسران نے انہیں بتایا کہ مذکورہ پروجیکٹ 6,25 کروڑ روپے کی لاگت سے جاری ہے ۔ مشیر نے کام کی رفتار کو تیز کرنے کی ہدایت دی تا کہ یہ 30 ستمبر تک مکمل ہو جائے ۔ انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ پہلے سے مقرر کردہ ٹایم لائینز پر سختی سے عمل کریں ۔ مشیر نے افسران کو ہدایت دی کہ موسم سرما کے پیش نظر بجلی کی سپلائی کو بڑھایا جائے ۔ مشیر موصوف نے ہدایات جاری کیں کہ بوسیدہ اور تباہ شدہ کھمبوں کو وقت کے مطابق تبدیل کیا جائے ۔ انہوں نے پی ڈی ڈی افسران پر مزید زور دیا کہ جہاں ضرورت ہو وہاں تاروں ، کنڈکٹر کو فوری طور پر تبدیل کریں اور پہلے سے دی گئی ہدایات کے مطابق بجلی کی تاروں کے ساتھ لگنے والے درختوں کی شاخوں کو کاٹنے کا کام تیزی سے کریں ۔ مشیر نے محکمہ دیہی ترقی کی طرف سے کئے گئے مختلف ترقیاتی کاموں کا بھی معائینہ کیا ۔ مشیر نے سخت ہدایات جاری کیں کہ محنت پر مبنی کاموں اور ان کاموں پر زور دیا جائے جو پہلے سے تیار کردہ سالانہ منصوبوں میں مناسب طریقے سے جھلکتے ہیں  ۔ انہوں نے منریگا کی بروقت ادائیگی کرنے کی بھی ہدایت دی کیونکہ اس کا تعلق دیہی مزدوروں کی معاش سے ہے ۔ مشیر نے بعد میں پرانے بس سٹینڈ سوپور کا افتتاح کیا جس کی عام لوگوں کی مسلسل مانگ کے بعد میکڈمائیز کرکے تزئین و آرائش کی گئی ۔ افسران ، پی آر آئی اور سول سوسائٹی کے ارکان سے خطاب کرتے ہوئے مشیر نے کہا کہ کووڈ 19 کے خلاف جنگ ابھی ختم نہیں ہوئی ہے اور عوام کا تعاون کووڈ 19 کے پھیلاؤ کو روکنے کی کلید ہے ۔انہوں نے منتخب نمائندوں کے طور پر پی آر آئی پر زور دیا کہ وہ آگے آئیں اور کووڈ 19 سے متعلقہ بیداری عام کریں ۔ مشیر نے کئی وفود کے ساتھ بات چیت کی جس میں ڈی ڈی سی ، یو ایل بی ، بی ڈی سی صدر اور ممبران ، سول سوسائیٹی کے ممبران سمیت دیگر متعلقہ اسٹیک ہولڈرز شامل تھے ۔ ان وفود نے انہیں سماجی اور اقتصادی ترقیاتی خدشات سے متعلق اپنی شکایات اور مطالبات سے آگاہ کیا ۔ صدر ایم سی سوپور کی قیادت میں ایک وفد نے کئی مسائل پر روشنی ڈالی اور ڈمپنگ سائیٹس کے مناسب قیام اور ترقی ، تارکین وطن کی جائیدادوں /شمشان گھاٹوں کی حفاظت ، نئے بس اڈے کی تعمیر ، عوامی پارکوں اور کمیونٹی ہالوں کی ترقی ، نکاسِ آب کا مناسب نظام اور عوامی اہمیت کے دیگر مسائل کو اٹھایا ۔ مشیر نے تمام وفود کو غور سے سُنا اور انہیں یقین دلایا کہ اُن کے مسائل کے ازالے کیلئے انہیں متعلقہ حکام کے ساتھ اٹھایا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ پبلک سروس ڈیلوری سسٹم کو ہموار بنانے کیلئے ہر ممکن اقدام کئے جارہے ہیں۔