بشنا ہ میں چلتی گاڑی سے گر کرنوجوان جاں بحق جموں بس سٹینڈ میں عدم شناخت لاش برآمد

 عظمیٰ نیوز سروس

جموں//جموں وکشمیر کی سرمائی راجدھانی جموں کے بشنا علاقے میں چلتی بس سے گر کر نوجوان کی موت واقع ہوئی ہے۔اطلاعات کے مطابق بشنا جموں میں اس وقت سنسنی کاماحول پھیل گیا جب چلتی گاڑی سے نوجوان پیر پھسل جانے کی وجہ سے نیچے گر آیا جس وجہ سے وہ شدید طورپر زخمی ہوا۔معلوم ہواہے کہ آس پاس موجود لوگوں نے زخمی شخص کو علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا تاہم وہاں پر تعینات ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔متوفی کی شناخت بکرم لوکھوترا ولد موہن سنگھ ساکن بشنا کے بطور ہوئی ہے۔ادھر پیر کی صبح چند مقامی افراد نے جموں بس اسٹینڈ میں ایک لاش دیکھی اور اس بارے میں پولیس کو مطلع کیا۔پولیس ٹیم فوری طورپر جائے موقع پر پہنچی اور لاش کو تحویل میں لے کر طبی لوازمات کی خاطر ہسپتال منتقل کیا۔معلوم ہوا ہے کہ لاش کی شناخت کے لئے پولیس نے کارروائی شروع کی ہے۔دریں اثنا پولیس نے معاملے کی نسبت کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی۔