بشارالاسد کی حامی فوج کی بمباری میں70باغی ہلاک

عمان// شام میں صدر بشارالاسد کی حامی فوج کی بمباری میں70باغی ہلاک ہوگئے۔روسی وزارت دفاع کے مطابق شام کے جنوبی حصے (غیر عسکری علاقے) میں باغیوں کاحملہ پسپا کردیا گیا ہے۔ روسی خبر رساں اداروں نے ملکی وزارت دفاع کے حوالہ سے بتایاکہ اس دوران شامی فوج کے ہاتھوں 70 باغی حملہ آور ہلاک ہوئے۔ آپریشن میں شامی فوج کو روسی فضائی مدد بھی حاصل تھی۔ شامی فورسز ملک کے جنوبی صوبہ درعا میں باغیوں کے خلاف پیش قدمی کررہی ہیں۔ صوبے درعا کے مشرق کی طرف واقع باغیوں کے زیر قبضہ علاقوں سے گزشتہ ایک ہفتے کے دوران قریب20 ہزار افراد نقل مکانی کر چکے ہیں۔شامی فوج نے درعا میں باغیوں کے ٹھکانوں پر بیرل بموں سے حملہ کیا۔اردن نے کہا ہے کہ شامی حکومت کی جانب سے اردن کی سرحدکے قریب شام کے جنوبی حصے میں شروع کی گئی نئی کارروائی کے سبب وہاں سے نکلنے والے مزید شامی باشندوں کو اردن میں قبول نہیں کیا جائے گا۔امریکہ نے باغیوں سے کہاہے کہ وہ اس بات کی توقع نہ رکھیں کہ امریکہ ان کے دفاع کیلئے کوئی کارروائی کرے گا۔ اردن حکومت کی خاتون ترجمان جمانہ غنیمات نے کہاہے کہ اردن قومی مفادات کے تحفظ کے لیے امریکہ اور روس کے ساتھ مل کر کام کر رہاہے۔ اردن میں اس وقت بھی 6 لاکھ 60 ہزاررجسٹرد شامی مہاجرین پناہ لیے ہوئے ہیں۔