بس اڈہ پونچھ میں گندگی کے ڈھیر

پونچھ//زندگی کے ہرایک شعبے میں اپنی ایک الگ پہچان رکھنے والے پونچھ قصبہ کی آج جگہ جگہ کچرے کے ڈھیر،ابلتے گٹر، نکاسی آب کا گندہ پانی شناخت بن گیا ہے۔  قصبہ کا بس اڈہ خاص طور پر خستہ حالی کا شکار ہے جہاں ایک طرف گندگی کے ڈھیر لگے ہیں تووہیں دوسری طرف اسکی مرمت نہ کئے جانے کی وجہ سے جگہ جگہ کھڈے بن گئے ہیں جن میں جمع گندہ پانی لوگوں کے کپڑے تباہ کردیتاہے ۔ شبیر احمدنامی ایک شخص کاکہناہے کہ اگر صدر مقام کایہ حال ہے تو دوسرے علاقوں کا کیا حشرہو گا۔انہوں نے الزام لگایا کہ صفائی ستھرائی کاکام نہیںہوتا اور سب کچھ تشہیر کے طور پر کیاجاتاہے ۔ انہوں نے کہا کہ بس اڈہ پر گندگی کا ڈھیر جمع ہے اور یہاںسے گزرنے والے ہر ایک شخص کو ذہنی طور پر اذیت ہوتی ہے ۔ انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ طارق احمد زرگرسے اپیل کی کہ وہ متعلقہ محکمہ کے افسران کو ہدایات دیں کہ عوام کو کچروں کے اس انبار سے نجات دلائی جائے۔سماجی کارکن یوگل کشور کاکہناہے کہ سردی کے موسم میں بس اڈہ کے نزدیک کھڑا رہنا مشکل ہے اورگرمیوں میں یہاں سے گزرنا ناممکن ہوجاتاہے ۔انہوں نے بھی مطالبہ کیا کہ بس اڈہ کی مرمت کر کے صفائی کو یقینی بنایا جائے۔رابطہ کرنے پر میونسپل کونسل کے چیف ایگزیکٹو افسر ارشاد حسین صوفی نے بتایا کہ محکمہ کی طرف سے پوری کوشش کی جاتی ہے کہ بس اڈہ اور پورے قصبہ کو صاف و شفاف رکھا جائے۔انہوں نے یقین دلایا کہ وہ بس اڈہ کا خود معائنہ کر کے وہاں صفائی ستھرائی کروائیں گے اور بس اڈہ کی مرمت کے سلسلہ میں اعلیٰ حکام سے بات کی جائے گی۔