؎پونچھ//بس اسٹینڈ پونچھ کی حالت خستہ ہو نے کی وجہ سے مقامی آبادی کیساتھ ساتھ عام راہگیروں کو شدید مشکلا ت کا سامنا کر نا پڑرہاہے ۔مقامی ذرائع کے مطابق بس اسٹینڈ پونچھ کیساتھ ساتھ گرد و نواح میں سڑکوں سے تار کول اکھڑنے کیساتھ ساتھ گندگی کے ڈھیر جمع ہو ئے ہیں جس کی وجہ سے معمولی سی بارش کی وجہ سے مذکورہ علا قہ میں پیدل چلنا مشکل ہو جاتا ہے ۔مقامی لوگوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ بس اسٹینڈ کی خستہ حالت کو لے کر کئی مرتبہ انتظامیہ سے رجوع کیا گیا ہے تاہم ابھی تک اس طرف کوئی توجہ نہیں دی گئی ہے ۔اس سلسلہ میں بس اسٹینڈ انتظامیہ کے منیجر جگجیت سنگھ نے بتایا کہ وہ بس اسٹینڈ کی نہ گفتہ بہہ حالت کو لے کر کئی برسوں سے اعلیٰ احکام سے رابطہ کر رہے ہیں تاہم ان کو ہر مرتبہ صرف یقین دہانیاں ہی کروائی جاتی ہیں جبکہ عملی طور پر کچھ بھی نہیں کیا جاتا جس کی وجہ سے مقامی لوگوں کیساتھ ساتھ ڈرائیوروں اور عام راہگیروں و مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کر پڑرہا ہے ۔موصوف نے کہاکہ بس اسٹینڈ اور گردو نواح میں گندگی کے ڈھیر جمع ہو ئے ہیں جوکہ گرمی شروع ہوتے ہی مچھروں کی پیدائش کیلئے محفوظ پناہ گاہ بنتا جارہاہے ۔اس سلسلہ میں بولتے ہوئے ایک سماجی کارکن مجیت سنگھ منٹو نے بس اسٹینڈ کی حالت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ دیگر علا قوں سے آنے والی سڑکوں اور بس اسٹینڈ کی نالیوں میں گندگی کے ڈھیر جمع ہو ئے ہیں جس کی وجہ سے ان مقام کی حالت ہر گزرتے دن خراب ہوتی جارہی ہے لیکن مقامی انتظامیہ کی طرف سے اس طرف کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے ۔موصوف نے کہاکہ بس اسٹینڈ کی نالیوں کی گندگی کی وجہ سے مقامی دکانداروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔مقامی لوگوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ بس اسٹینڈ پونچھ کی مرمت کیساتھ ساتھ صفائی ستھرائی کیلئے انتظامیہ کو ہدایت جاری کی جائے تاکہ عوام کو درپیش مشکلات حل ہوسکیں ۔
بس اسٹینڈ پونچھ کی حالت خستہ
