رام بن//ضلع بس اسٹینڈ رام بن میں ریہڑی والوں کے ناجائز قبضہ سے پہلے ہی مشغول بس اسٹینڈ میں لوگوں کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، حالانکہ انتظامیہ نے بس اسٹینڈپر میکڈم بچھانے کے مقصد سے تمام ریہڑی والوں کو بے دخل کیا تھا ۔ذرائع کے مطابق رام بن میونسپل کمیٹی کے اہلکاروں اور بعض بارسوخ افراد کے سانٹھ گانٹھ کی وجہ سے ان ریہڑی والوں نے بس سٹینڈ پر دوبارہ ناجائز قبضہ کررکھا ہے۔مقامی لوگوں کی یہ شکایت ہے کہ بارسوخ افراد اور میونسپل اہلکاروںکے درمیان ساز و باز کی وجہ سے بس اسٹینڈ میں رہیڑی والوں کو یہ جگہ عطا کی گئی ہے۔جبکہ بعض لوگوں کا کہنا ہے کہ رہیڑی والوںکو اپنی رہیڑیاں کھڑی کرنے کیلئے 20روپے سرکاری خزانہ میں جمع کرنا ہوتا ہے جبکہ ان سے 20روپے سے زائد رقم وصول کی جاتی ہے۔ جموں سرینگر قومی شاہراہ پر ٹریفک بغیر خلل کے جاری رکھنے کے لئے اور بس اسٹینڈ کو بھیڑ سے پاک رکھنے کیلئے دکانداروں اور مقامی لوگوں نے ریہڑیوں کو بس اسٹینڈ سے ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے،کیونکہ پبلک ٹرانسپورٹ کو بس اسٹینڈ میں گاڑیاں پارک کرنے کے لئے جگہ دستیاب نہیں ہوتی ہے،جسکی وجہ سے انہیں بس اسٹینڈ کے باہر اپنی گاڑیوں کو کھڑا کرنا پڑتا ہے، جس سے ٹریفک کی نقل و حرکت میں دشواریاں آتی ہیں اور جام بھی لگتا ہے۔
بس اسٹینڈ رام بن میں ریہڑی والوں کا دوبارہ قبضہ،عوام پریشان
