بسنل ملازم کورپشن الزامات میں مجرم قرار

 سرینگر// سی بی آئی کی انسدادرشوت ستانی عدالت نے بھارت سنچار نگم لمیٹڈ کے ایک سابق ملازم کومالی بے ضابطگیوں کے جرم میں دو سال قید اور20ہزار روپئے کا جرمانہ عائد کیا ہے۔سی بی آئی ذرائع نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ بی ایس این ایل دفتر کپوارہ میں کسٹومر سروس سنٹر(CSC ) کے انچارج غلام رسول متو نے سال2008میں 33لاکھ روپئے کا خرد برد کیا تھا ۔سی بی آئی ذرائع کے مطابق اس سلسلے میں ایک کیس زیر نمبر2/2008زیر دفعات 120Bاور420آر پی سی درج کیا گیا۔ سی بی آئی کی انٹی کورپشن عدالت نے ملزم کے خلاف عائد الزامات  درست پاکر بدھ کو ملزم کے خلاف دو سال قید اور20ہزار روپئے جرمانہ کا فیصلہ سنایا۔بی ایس این ایل ذرائع کا کہنا ہے کہ محکمہ نے مذکورہ ملازم کو  خرد برد کے الزام میں پہلے ہی جبری طور سبکدوش کیا ہے اور خرد برد کئے گئے 33لاکھ روپئے بھی برآمد کئے ہیں۔