بسنت رتھ کی کارکردگی کی سراہنا

جموں //کرانتی دل کے صدر پریتم شرما نے انسپکٹر جنرل آف ٹریفک پولیس بسنت رتھ کی ایک ماہ کی کارکردگی کی سراہنا کرتے ہوئے کہاکہ انہوںنے اس مختصر مدت میں جموں کے ٹریفک نظام کو نمایاں سدھار لایاہے ۔ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شرما نے کہاکہ اسی طرح کی کارروائیاں پولیس ، محکمہ مال اور میونسپل کارپوریشن جموں کی طرف سے بھی ہونی چاہئیں تاکہ کرپٹ افسران کو باہرکاراستہ دکھاکر سماج کو کرپشن فری بنایاجاسکے ۔ انہوںنے کہاکہ بسنت رتھ نے جموں کے ٹریفک نظام میں اچانک سے تبدیلی لائی ہے اور پوری ریاست میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیاں کم ہوئی ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ اب محکمہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیاں کرنے والوں کیخلاف کام کررہاہے ۔ انہوںنے کہاکہ پہلی بار جموں میں ہولی کے تہوار کے دوران حادثے میں صرف ایک شخص ماراگیا اور حادثات میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے جس کا سہرا رتھ کو جاتاہے ۔ ان کاکہناتھاکہ ایمانداری اور محنت کو یونیفارم کی ضرورت نہیں ۔ شرما نے کہاکہ لوگ کرپشن فری حکومت چاہتے ہیں اور دیگر محکمہ جات کے افسران پر انہی خطوط پر کام کرتے ہوئے کرپشن کا خاتمہ کریں ۔انہوںنے کہاکہ پولیس کیلئے جرائم کے خلاف کام کرنے کا یہ صحیح وقت ہے ۔ انہوںنے کہاکہ ریاست میں جرائم کے واقعات میں اضافہ ہورہاہے جو تشویشناک بات ہے ۔