سرینگر//ریاستی ہائی کورٹ کے جج جسٹس سنجے گپتا نے کہا ہے کہ عدلیہ بزرگ شہریوں کی سہولیت سے متعلق اقدامات کیلئے کافی سنجیدہ ہے اور احاطہِ وقار اس سلسلے کی ایک کڑی ہے۔بزرگ شہریوں کو بااختیار بنانے سے متعلق یک روزہ تربیتی پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے جسٹس گپتا نے کہا کہ چیف جسٹس ، جسٹس گیتا مِتل ذاتی طور ان اقدامات کی نگرانی کر رہی ہیں اور انہوں نے عدلیہ کو احاطہِ وقار قائم کرنے کے لئے کہا ہے تاکہ بزرگ شہریوں کو فائدہ مل سکے۔یہ پروگرام سٹیٹ لیگل سروسز اتھارٹی اور آر آر ٹی سی نئی دلی کی تکنیکی معاونت سے منعقد ہو رہا ہے جس دوران تمام اضلاع میں بزرگ شہریوں کے حقوقِ تحفظ جیسی امور کو اُجاگر کیا جائے گا۔پرنسپل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز جج سرینگر عبدالرشید ملک نے پروگرام کے شرکأ کا شکریہ ادا کیا ۔انہوں نے کہاکہ بزرگ شہریوں کے رول ، خدمات اور حقوق کے بارے میں یہ پروگرام ایک شروعات ہے ۔ انہوں نے کہاکہ بزرگ شہریوں کو قانونی اور سماجی مدد فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔نئی دلی کی ریسورس پرسن ڈاکٹر آبا چودھری نے منتظمین کا اس پروگرام کے انعقاد پر شکریہ ادا کیا۔اُنہوں نے کہاآہٹِ وقار چیف جسٹس گیتا متل کی طرف سے شروع کیا گیا ایک پائیلٹ پروجیکٹ ہے جس میں بزرگ شہریوں کا اچھا ردِّعمل دیکھنے کو ملا۔ یہ پروگرام دیگر اضلاع میں بھی چلایا جائے گا۔اس موقعہ پر ہائی کورٹ کے رجسٹرار جنرل سنجے دھر ، پرنسپل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز جج عبدالرشید ملک ، ممبر سیکرٹری لیگل سروسز اتھارٹی محمد اکرم چودھری ، سیکرٹری ڈی ایل ایس اے عدنان سعید ،چیئرپرسن انگ راہا نئی دلی آبا چودھری اور جج صاحبان بھی موجود تھے۔
بزرگ شہریوں کی سہولیت سے متعلق اقدامات کیلئے عدلیہ سنجیدہ
