بر سر ڈیم کے خلاف ہڑتال ختم

 کشتواڑ//مڑواہ کے مکینوں نے بر سر ڈیم کے خلاف اپنی ہڑتال واپس لی ہے۔ہڑتال واپس لینے کا فیصلہ مکینوںنے وزیر بجلی سنیل کمار شرماکے ساتھ ایک ملاقات کے بعد لیا۔ انہوں نے مظاہرین کو یقین دلایا کہ وہ مرکزی وزارت کو ان کے تشویش سے آگاہ کریں گے۔مکین بُر سر ہائیڈرو الیکٹرک پائور پروجیکٹ کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں کیونکہ پروجیکٹ کے ڈیم سے علاقہ کی کافی آبادی کو زیر آب آنے کا خطرہ ہے۔ مظاہرین کا اب بھوک ہڑتال پر جانے کا منصوبہ تھا ،جس پر وزیر بجلی نے انکے تشویش کو بغور سُنااور مسئلہ کا حل کرنے کے علاوہ علاقہ کی ترقی کے لئے یقین دلایا ۔انہوں نے مکینوں کو صبر و تحمُل سے سُنا اور کہا کہ بجلی پروجیکٹ علاقہ کی ترقی کے لئے تعمیر کیا جا رہاہے۔انہوں نے لوگوں کو پریشان نہ ہونے کی صلاح دیکر کہا کہ وہ یہ معاملہ مرکزی وزارت کے ساتھ اُٹھائیں گے۔ اس موقعہ پر وزیر نے علاقہ میں عوامی شکایاتی ازالہ کیمپ کا اہتمام بھی کیا ۔جس میں انہوں نے موقعہ پر ہی کئی مسائل حل کئے جبکہ کئی مسائل کو مقررہ مدت میں حل کرنے کی یقین دہانی کی۔شرماکے ہمراہ کشتواڑ کے ضلع ترقیاتی کمشنر انگریزسنگھ رانا ،ایس ایس پی ابرار احمد چودھری و دیگر ضلع افسران  کے علاوہ این ایچ پی سی کے حُکام بھی تھے۔