واشنگٹن//(یواین آئی) امریکہ کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی مواخذے سے بچ جانے کے بعد امریکی صدر جوزف بائیڈن نے اپنے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جمہوریت کمزور ہے۔امریکی صدر جوبائیڈن نے ڈونلڈ ٹرمپ کی بریت کے بعد رد عمل کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ کو سزا نہیں مل سکی مگر عائد کیا گیا الزام متنازع نہیں ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ امریکی پارلیمنٹ پر حملہ ہماری تاریخ کا افسوس ناک باب ہے، اس نے ہمیں یاد دلایا کہ جمہوریت کمزور ہے۔امریکی صدر جوبائیڈن کا یہ بھی کہنا ہے کہ ہمیں ہمیشہ چوکنا رہنا چاہیئے اور جمہوریت کا ہمیشہ دفاع کیا جانا چاہیئے۔واضح رہے کہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر 6 جنوری کو امریکیوں کو اکسا کر کانگریس کی عمارت پر حملہ کرانے کا الزام تھا۔ خیال رہے اس حملہ میں متعدد افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوئے تھے۔