برہان کی برسی پر بندشیں غیر جمہوری طرز عمل

سرینگر//فریڈم پارٹی، پیپلز لیگ ،پیپلز فریڈم لیگ اور ینگ مینز لیگ نے برہان وانی اور اُن کے دو ساتھیوں کی پہلی برسی پر انہیں خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے عوام کی نقل و حرکت پر عائد بندشوں کی مذمت کی ہے۔فریڈم پارٹی سربراہ شبیر احمد شاہ نے برہان وانی اور ان کے دو ساتھیوں کی پہلی برسی کے موقع پر ریاست میں اضافی فوج تعینات کرنے ،عوام کی نقل و حرکت پر قدغن عائد کرنے اور قائدین و اراکین کی گرفتاریوں کو غیر جمہوری طرزعمل قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح جبر و طاقت کے مظاہرے سے عوام کے دلوں میں اُن (برہان)کی یاد کو محو کرنا کسی بھی صورت میں ممکن نہیں۔اپنے ایک بیان میں شبیر شاہ نے برہان کے تئیں عوام کے جذبے کو بھارت کے خلاف ریفرنڈم قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومتی جبر سے عوام خائف ہونے والی نہیں بلکہ بھارتی لیڈران کو عوام کے فیصلہ کو نوشتہ دیوارسمجھ لینا چاہئے ۔انہوں نے گزشتہ چار روز سے ترال اور اردگرد کے علاقوں کو محصور کرنے اور اسے فوجی چھاونی میں تبدیل کئے جانے کے عمل کو بزدلانہ حرکت قرار دیتے ہوئے کہ برہان عوام کے دلوں موجودمیں ہیں اور عوام کو انہیں خراج پیش کرنے یااُن کی یاد منانے سے روکنے سے تاریخ کے دھارے کو روکنا ممکن نہیں ۔انہوں نے سرکاری بندشوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایک جانب عام لوگ اس صورتحال سے پریشان ہوئے اور دوسری طرف بزرگ ،بچوں اور مریضوں کو گوناگوں پریشانیوں کا سامنا رہا ۔شبیر احمد شاہ نے سرینگر کی جامع مسجد اور دیگر مساجد میں نماز جمعہ پر پابندی عائدکرنے کے عمل کو مداخلت فی دین قرار دیا۔ پیپلز لیگ چیئرمین غلام محمد خان سوپوری نے خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے تحریک آزادی کو اس کے حتمی انجام تک پہنچانے کا عہد دہرایا ہے۔انہوں نے وادی کے طول ارض میں گرفتاریوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکام کے لئے یہ مناسب رہے گا کہ وہ سرکاری سطح پر جموں کشمیر کو ایک جیل خانے سے ہی منسوب کرے ۔ پیپلز فریڈم لیگ کے جنرل سیکریٹری محمد رمضان خان نے خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ قربانیوں کی بدولت ہی آج مسئلہ کشمیر کے حل کو جنوب ایشیائی خطے کے دائمی امن کیلئے ناگزیر سمجھا جارہا ہے۔انہوں نے گرفتاریوں، شبانہ چھاپوں،شہرخاص میں بار بار کرفیو نافذکرنے اور مواصلاتی نظام پر بابندی عائد کرنے کی کارروائیوں کی مذمت کی ہے ۔ ینگ مینز لیگ کے ایک بیان کے مطابق شہر خاص میں ایک دعائیہ مجلس کا انعقادہوا۔ مجلس میںدعائوںکے بعد کہا گیا کہ برہان کے خون نے ایک نئی تاریخ رقم کی جسے قوم کبھی فراموش نہیں کر سکتی ۔