برہان وانی کی دوسری برسی: مزاحمتی قیادت نے 8 جولائی کو جموں وکشمیر بند کی کال

 سری نگر//مشترکہ مزاحمتی قیادت سید علی گیلانی، میرواعظ مولوی عمر فاروق اور محمد یاسین ملک نے حزب المجاہدین کے سابق کمانڈر برہان مظفر وانی کی دوسری برسی کے سلسلے میں احتجاجی پروگرام جاری کردیا ہے۔ انہوں نے 8 جولائی اتوار کے روز ریاست گیر ہڑتال کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ قصبہ ترال میں برہان وانی کے آبائی مقبرے پر جملہ شہدائے کشمیر کے حق میں خراج عقیدت ادا کرنے کے لیے ایک عوامی اجتماع منعقد کیا جائے گا۔ مزاحمتی قیادت کے ایک ترجمان نے بدھ کی شام یہاں جاری ایک بیان میں کہا ’ گیلانی، میرواعظ اور یاسین ملک نے 2016ءکی عوامی تحریک کے دوران برہان مظفر وانی سمیت 126شہداءکے علاوہ مزاحمتی تحریک کے دوران آج تک کے جملہ شہداءکو خراج عقیدت ادا کرنے کے لیے مورخہ 6جولائی بروز جمعہ تمام ائمہ مساجد سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اس روز اپنے جملہ شہداءکی یاد میں دُعائیہ مجالس کا انعقاد کیا جائے اور ان شہداءکے ایصال وثواب کے لیے اجتماعی فاتحہ پڑھی جائے۔ مورخہ 8جولائی اتوار ریاست گیر ہڑتال کی اپیل کرتے ہوئے مشترکہ مزاحمتی قیادت نے اس روز قصبہ ترال میں برہان مظفر وانی کے آبائی مزار شہداءپر جملہ شہدائے کشمیر کے حق میں خراج عقیدت ادا کرنے کے لیے ایک عوامی اجتماع منعقد کیا جائے گا‘۔