برن پٹن میں دم گھٹنے سے نوعمر لڑکا لقمہ اَجل

بارہمولہ // قصبہ پٹن کے برن نامی دیہات میں جمعہ کی صبح کو اُس وقت صف ماتم بچھ گئی جب ایک گیس  ہیٹرسے خارج  ہونے والے زہریلی گیس کی وجہ سے 13 سالہ نو عمر لڑکے کی موت واقع ہوئی جبکہ دو کو بیہوشی کی حالت میں سرینگر کے صورہ میڈیکل انسٹی چیوٹ منتقل کیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق تین افراد جن میںہارون رشید شیخ ولد عبدالرشید شیخ ، ساجد مجید شیخ ولد عبدالمجید شیخ اور فاروق احمد شیخ شامل ہیں ، ایک ہی کمرے میں سوئے ہوئے تھے، کوصبح گھروالوں نے بے ہوشی کی حالت میں پایا اوراُنہیں مقامی لوگوں کی مددسے فور ی طور پر ٹراما اسپتال پٹن پہنچا یا جہاں ڈاکٹروں نے   13سالہ ہارون رشید کو مردہ قرار دیاجبکہ دو دیگر کو سرینگر کے صورہ میڈکل انسٹی چیوٹ منتقل کیا گیا جہاں اُ ن کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔ اس سلسلے میںبلاک میڈیکل آفیسر پٹن نے کہا ہے کہ تین افراد کو اْن کے اسپتال میں لایا گیا جو بے ہوشی کی حالت میں تھے جن میں سے ایک لڑکے کی موت واقع ہوئی ۔انہوں نے بتایا کہ ہارون کے مرنے کی وجہ کمرے میں گیس ہیٹر سے دم گھٹنا ہے۔اس سلسلے میں پولیس نے کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی ۔